پاور سیکٹر کے لئے ایک کھرب 66 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری

بدھ 26 اپریل 2017 13:18

پاور سیکٹر کے لئے ایک کھرب 66 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2017ء) وفاقی حکومت نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں پانی و بجلی ڈویژن کے پاور سیکٹر کے لئے اب تک ایک کھرب 66 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ حکومت نے اس ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے ایک کھرب 92 ارب روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ حکومت نے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے اراضی کے حصول کی خاطر 9 ارب 67 کروڑ 60 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

منصوبہ بندی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق منصوبہ کیلئے جاری مالی سال کے پی ایس ڈی پی کے تحت 14ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا تھا۔ منصوبہ کی تکمیل سے 4500میگاواٹ بجلی آبی ذرائع سے پیدا کی جائے گی۔ اسی طرح 1200 میگاواٹ ایل این جی پاور پلانٹ بلوکی کے لئے 30 ارب روپے، 1200 میگاواٹ ایل این جی پاور پلانٹ حویلی بہادر شاہ کے لئے 30 ارب روپے، گوادر پورٹ میں 132 کے وی سب سٹیشن کی تعمیر کے لئے 10 کروڑ روپے، کوئٹہ میں 132 کے وی گرڈ اسٹیشن اور ٹرانسمیشن لائن کے لئے 7 کروڑ 84 لاکھ روپے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں۔