Live Updates

اپریل کراچی کے عوام کی امنگوں کا ترجمان دن ہوگا،عارف علوی

چیئرمین عمران خان کراچی کے حقوق کی بازیابی اور گمبھیر مسائل کے حل کے لئے مارچ کی قیاد ت کریں گے

منگل 25 اپریل 2017 23:50

اپریل کراچی کے عوام کی امنگوں کا ترجمان دن ہوگا،عارف علوی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2017ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ 30اپریل کراچی کے عوام کی امنگوں کا ترجمان دن ہوگا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کراچی کے حقوق کی بازیابی اور گمبھیر مسائل کے حل کے لئے ’’حقوق کراچی مارچ‘‘ کی قیاد ت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع شرقی کے صدر بلا ل غفار ، جنرل سیکریٹری اکبر موریجو، سیکریٹری سہیل احمد کے ہمراہ مختلف مارکیٹ، ملینیم مال ، ڈسکو بیکری گلشن اقبال، گلستان جوہر، سماما شاپنگ مال اور دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے علاقہ مکینوں ، مارکیٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں ، دوکان داروں ، پتھارے داروں اور راہ گیروں سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ 30اپریل کی ’’حقوق کراچی ‘‘ ریلی کے حوالے سے عمران خان کے پیغام پر مشتمل ہینڈ بل اور پمفلٹ بھی تقسیم کئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عوام میں جو ش و خروش اپنے عروج پر تھا اور ضلع شرقی کے مکینوں کا کہنا تھا کہ وہ 30اپریل کو عمران خان کی قیادت میں نکالی جانے والی ریلی میں بھرپور انداز میں شرکت کریں گے۔ ڈاکٹرعارف علوی نے مزید کہا کہ پاناما کیس کے فیصلے میں نواز شریف مجرم و ملزم دونوں ثابت ہو چکے ہیںاور اب ان کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں رہتا۔

جس ڈھٹائی اور بے شرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہ اقتدار و اختیار کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں اور عوام کو ان کے جائز حقوق سے محروم کر رہے ہیں ۔تحریک انصاف کسی صورت اس لو ٹ مار اور ڈکیتوں کے نظام کو قبول نہیں کرے گی۔ عوام کے ساتھ مل کر احتجاج اور سیاسی جدوجہد کرنا ہمارا جمہوری حق ہے اور ہم اس حق کو استعمال کرتے ہوئے ان لٹیروں کو کیفر کردار تک پہنچائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :