مرحومہ فرزانہ ناز کے بچوں کی کفالت کیلئے تمام تر انتظامات کئے جائینگے، عرفان صدیقی

مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کا شاعرہ فرزانہ ناز کے انتقال پر اظہار تعزیت،ڈاکٹر انعام الحق کے ہمراہ ہسپتال کا بھی دورہ کیا

منگل 25 اپریل 2017 23:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2017ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفا ن صدیقی نے شاعرہ فرزانہ ناز کے انتقال پر رنج وغم اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ منگل کو اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے دعا کہ اللہ تعالی مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور لواحقین کو صبرجمیل عطافرمائے۔ قبل ازیں مشیر وزیراعظم نجی ہسپتال بھی گئے جہاں فرزانہ نازانتہائی نگہداشت کے شعبہ میں زیرعلاج تھیں۔

مینجنگ ڈائریکٹر نیشنل بک فائونڈیشن ڈاکٹر انعام الحق جاوید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ فرزانہ ناز گزشتہ روز حادثاتی طورپر گرنے سے شدید زخمی ہوگئی تھیں جنہیں ہسپتال منتقل کیاگیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔گزشتہ شام حادثے کی خبر ملنے کے بعد مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی نے ہسپتال انتظامیہ کو آگاہ کیاتھا کہ علاج معالجے کے تمام اخراجات حکومت برداشت کریگی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں عرفان صدیقی نے وزیراعظم نواز شریف سے بھی رابطہ کیا۔وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے خاص طورپر اپنے پیغام میں کہاتھا کہ زخمی شاعرہ کے علاج معالجے میں کوئی کوتاہی نہ رکھی جائے اور تمام تر اخراجات کی کفالت وزیراعظم کریں گے۔مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ مرحومہ کے بچوں کی کفالت کیلئے بھی تمام تر انتظامات کئے جائیں گے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ کتاب میلے کے آغاز پر ہی سی ڈی اے حکام کو آگاہ کیاگیا تھا کہ چونکہ ماضی میں کئی حادثات ہوچکے ہیں، اس لئے سٹیج کے تحفظ کے ضروری اقدامات کئے جائیں۔