دنیا بھر کے ملکوں کی پہچان ان کی ثقافت سے ہوتی ہے، پاکستان کی ثقافت کا دنیا بھر میں کہیں کوئی تذکرہ نہیں ملتا ،محمد احمد شاہ

پاکستان کا نام سنتے ہی لوگوں کے ذہنوں میں دہشت گردی، غنڈہ گردی، لوٹ مار، فسادات اور خون خرابے کی صورتحال ابھرنے لگتی ہے، صدر آرٹس کونسل آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اسی صورتحال کے خاتمے کے لئے کمر بستہ ہے ہماری کوشش ہے پاکستان کا نام دنیا بھر میں اس کی ثقافت، اس کی خوبصورتی، اس کی زبان ان کے علاقوں اور اقداروں کی وجہ سے پہنچانا جائے، کراچی یونیورسٹی میں خطاب

منگل 25 اپریل 2017 23:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2017ء) دنیا بھر کے ملکوں کی پہچان ان کی ثقافت سے ہوتی ہے لیکن پاکستان کی ثقافت کا دنیا بھر میں کہیں کوئی تذکرہ نہیں ملتا بلکہ پاکستان کا نام سنتے ہی لوگوں کے ذہنوں میں دہشت گردی، غنڈہ گردی، لوٹ مار، فسادات اور خون خرابے کی صورتحال ابھرنے لگتی ہے۔ بحیثیت قوم یہ ہمارے لئے ایک المیہ ہے۔ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اسی صورتحال کے خاتمے کے لئے کمر بستہ ہے ہماری کوشش ہے کہ پاکستان کا نام دنیا بھر میں اس کی ثقافت، اس کی خوبصورتی، اس کی زبان ان کے علاقوں اور اقداروں کی وجہ سے پہنچانا جائے اس سلسلے میں ہم پچھلے دس برسوں سے کام کررہے ہیں اور اب کسی حد تک اپنے مقاصد کی کامیابی کی جانب گامزن ہیں یہی وجہ ہے کہ عالمی ثقافتی کا نفرنس میں جو ابوظہبی میں اپریل 2017 کے آغاز میں منعقد ہوئی تھی اس میں پہلی مرتبہ پاکستان کی نمائندگی بھی ہوئی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کراچی یونیورسٹی کے بزنس اسکول کے طلبہ و طالبات کے ایک گروپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ بزنس اسکول کے طلبہ و طالبات نے اپنے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور اساتذہ کے ہمراہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے آرٹس کونسل کے اسکول، اکیڈمیز اور بلڈنگ کادورہ بھی کیا۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے طلبہ وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان طبقے کو ہی اب اس ملک کی بہتری کے لئے آگے بڑھنا ہے وہ آگے بڑھیں گے تو ملک ترقی کرے گا اور دنیا کے نقشے پر اپنی ایک خاص پہچان بنائے گا۔

لیکن افسوس کے ساتھ ہمارے ملک کے نوجوانوں کو ایک ہی مسئلے میں ڈال دیا گیا ہے وہ اپنی مرضی اپنی خوشی کے لئے نہیں بلکہ پیساکمانے کے لئے اور پیسا جمانے کی دوڑ میں آگے بڑھ رہے ہیں جس ملک میں نوجوان ہی اپنی ثقافت سے دور ہونے لگیں اس ملک میں ترقی کیسے آئے گی۔ انہو ںنے بتایا کہ آرٹس کونسل میں ہر سال یوتھ فیسٹول باقاعدگی سے منعقد کیا جاتا ہے جو اس بات کی کوشش ہے کہ ہمارے نوجوان ایسی سرگرمیوں میں حصہ لیں اور اپنے اندر موجود خداداد صلاحیتوں کو باہر لائیں ان کو نکھاریں اور اپنے فن کے ذریعے دنیا بھر میں اپنا مقام بنائیں اور اپنے ملک کی پہچان بنے۔

ایک سوال کے جواب میں محمد احمد شاہ نے بتایا کہ آرٹس کونسل میں پچھلے دس سالوں میں اتنا کام ہوا ہے کہ اب اس ادارے کو دنیا بھر میں جانا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ انہیں عالمی ثقافتی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کے لئے منتخب کیا گیا اور دنیا بھر کے لوگوں کے ملنے کے بعد مجھے یہ محسوس ہوا کہ ابھی ہم ثقافتی اعتبار سے دنیا کے نقشے پر نہیں ابھرے ابھی ہمیں مزید محنت کرنی ہے اور دنیا بھر میں پاکستان کو ثقافتی طور پر اجاگر کرنا ہے دنیا بھر میں پاکستان کے اچھے رنگوں کو دکھانا ہے اور انشاء اللہ ہم پوری محنت سے وہ دن جلد لائیں گے کہ پاکستان کو اس دہشتگردی اور خون خرابے کے بجائے اس کی ثقافت، سازو سر اور رنگوں سے پہنچانا جائے۔ #