عصر حاضر میں ٹیکنیکل تعلیم بنیادی اہمیت رکھتی ہے ،گورنر سندھ

موجودہ دور بھی ٹیکنالوجی کا ہے، انڈسٹریز میں بھی ٹیکنالوجی کے حامل نوجوانوں کی بہت ضرورت ہے۔محمد زبیر

منگل 25 اپریل 2017 22:57

عصر حاضر میں ٹیکنیکل تعلیم بنیادی اہمیت رکھتی ہے ،گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ موجودہ دور ٹیکنالوجی کا ہے اور عصر حاضر میں ٹیکنیکل تعلیم بنیادی اہمیت رکھتی ہے ، صنعتوں میں بھی ٹیکنالوجی کے حامل نوجوانوں کی بہت ضرورت ہے اس ضمن میںCIBA کے تعاون سے SAP ٹیکنیکل تعلیم کی فراہمی میں مرکزی کردار ادا کررہا ہے ، ادارہ مطلوبہ معیار تعلیم کی فراہمی اور مہارت فراہمی میں سرگرم عمل ہے ، ماضی میں پاکستان میں غریب خاندان سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لئے SAP کی تربیت اور ڈگری کا حصول بہت مشکل تھا لیکن CIBA نے اس کا حصول انتہائی سہل بنادیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں SAP گریجویشن کرنے والوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اختر بلوچ ، معروف صنعت کار عبد الحسیب خان ، CIBA کے سربراہ میجر (ر) علی جعفر زیدی سمیت دیگر شریک تھے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ آج SAP کی تربیت حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے فعال صنعتیں پہلے جنھیں SAP کے تربیت یافتہ دستیاب نہیں تھے آج وہ صنعتیں بھی SAP کا پروگرام شروع کررہی ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے تعلیمی اداروں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت و تحقیق میں بہتری لانی چاہئے جیسا کہ SAP صنعتوں کی ضروریات کے مطابق تربیت فراہم کررہا ہے ، جبکہ صنعتی یونٹس بھی جدید دور کے مطابق ٹیکنالوجی کے حصول میں سرگرداں ہیں تاکہ تیز رفتاری سے معاشی اہداف کو بڑھاکر کامیابی حاصل کی جا سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ دور جدید میں ٹیکنالوجی سے اہداف کو نہ صرف جلد ہی حاصل کیا جا سکتا ہے بلکہ اس میں تیزی بھی لائی جا سکتی ہے ، ٹیکنالوجی کے بغیر تیز ترین ترقی اور اہداف میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، تعلیمی اداروں میں تربیت کے حامل ہیومن ریسور س کی تیاری وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان بھی معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں مرکزی معاشی پالیسی کا سب سے اچھا اور موئثر اثر صوبہ میں حاصل ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے جہاں دنیا کی ملٹی نیشنل کے دفاتر کثیر تعداد میں موجود ہیں جہاں جدید ٹیکنالوجی سے اہداف تیزی سے حاصل کئے جارہے ہیں ، تعلیمی اداروں کو مطلوبہ معیار کی تربیت کے لئے اہم اقدامات اٹھانے ہونگے تاکہ طلبہ حصول تعلیم کے بعد روزگار کے لئے مارے مارے نہ پھریں اور انھیں فوراً ہی ان کے مطابق ملازمت حاصل ہو جائیں یہی حکومت کی اولین ترجیح بھی ہے اس ضمن میں حکومت تعلیمی اداروں کو ہر ممکن وسائل فراہم کررہی ہے ۔

بعد ازاں گورنر سندھ نے SAP کی تربیت مکمل کرنے والے گورنر ہائو س کے ملازمین کے بچوں اور لیاری یونیورسٹی کے 30 طالب علموں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :