نیب نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں مینیجر ایڈمن لیسکو کو گرفتار کرلیا ، احتساب عدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا

میاں افضل پر تقریباً 13 کروڑ روپے کے بینک اکائونٹس کے علاوہ مزید اثاثے بنانے کاالزام ،پوچھ گچھ میں افسران کو قائل کرنے میں ناکام رہا ڈی سی آفس میانوالی میں تعینات رجسٹرار محرر بھی آمدن سے زائد اثاثے بنانے ، کرپشن کی مد میں جعلی اسلحہ لائسنس بنانے کے الزام میں گرفتار

منگل 25 اپریل 2017 22:57

نیب نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں مینیجر ایڈمن لیسکو کو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2017ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مینیجر ایڈمن کو گرفتار کر لیا ملزم کو احتساب عدالت میں پیش کر کے 3مئی تک جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا جبکہ ڈی سی آفس میانوالی میں تعینات رجسٹرار محرر کو بھی آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نیب لاہور کوانٹیلی جینس ذرائع سے معلوم ہونے والی رپوٹ میں مینیجر ایڈمن لیسکو میاں محمد افضل کے خلاف ذرائع سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے ، جون 2016ء میں ملنے والی رپوٹ پر نیب لاہور نے ابتدائی معلومات حاصل کرنے کے بعد اگست میں ویریفیکیشن شروع کی جو اسی سال کے اواخر تک انکوائری میں تبدیل ہوئی ۔

(جاری ہے)

دوران انکوائری ملزم سے پوچھ گچھ اور اہم شواہد ملنے پر انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کر دیا گیا۔

اس دوران ملزم کو اپنے خلاف الزامات پر اپنا موقف بیان کرنے کے مواقع فراہم کیے کیے جن میں وہ تفتیشی افسران کو قائل کرنے میں مکمل ناکام رہا۔ ملزم پر تقریباً 13 کروڑ روپے کے بینک اکائونٹس کے علاوہ مزید اثاثے بنانے کاالزام ہے جس میں لاہورکی مختلف کالونیوں میں کئی پلاٹ بھی شامل ہیں۔نیب لاہور نے ملزم کے خلاف تمام تر الزامات کی روشنی میں کارروائی کرتے ہوئے اس کی گرفتاری لاہور سے عمل میں لائی اور احتساب عدالت کے روبرو پیش کر کے 3مئی 2017ء تک کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ۔

جبکہ ڈی سی آفس میانوالی میں تعینات رجسٹری محرر محمد اکرم خان پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے ،ملزم نے اپنے اور خاندان کے دیگر افراد کے نام بے شمار جائیدادیں بنا رکھی ہیں ،ملزم کے مختلف اکائونٹس میں لگ بھگ 80 لاکھ کی رقم موجود ہے ۔محکمہ اینٹی کرپشن بھی ملزم کے خلاف کارروائی کی کوشش کر چکا ہے۔ملزم محمد اکرم کے خلاف نیب لاہور کو 2015ء کے اواخر میں کرپشن کے حوالے سے شکائیت ملی جو 2016ء میں تفتیش کے مراحل میں داخل ہوئی ۔اپنے لاکھوں کے اثاثوں کے شواہد نہ دینے اور کرپشن کی مد میں جعلی اسلحہ لائسنس بنانے کے الزام میں نیب لاہور نے ملزم کو لاہور سے گرفتار کیا۔

متعلقہ عنوان :