ْکمرتوڑ مہنگائی اورحکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں سے لوگ تنگ آ چکے ہیں ‘ ذکر اللہ مجاہد

آئند ہ الیکشن میں عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے کرپٹ حکمرانوں کا احتساب کریں گے‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

منگل 25 اپریل 2017 22:50

ْکمرتوڑ مہنگائی اورحکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں سے لوگ تنگ آ چکے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہاہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی کمر توڑ مہنگائی اور حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں سے لوگ تنگ آ چکے ہیں ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے من پسند پروجیکٹس اور کرپشن کے ریکارڈ بنانے میںچار سال گذار دیئے ہیں جبکہ2013 ء کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کا ایجنڈا لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کو کنٹرول کرنا تھا لیکن بدقسمتی سے حکمران اپنے تمام انتخابی دعوئوں اور وعودوں کی پاسداری کرنے میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہر ہفتے غریب عوام کی گردن پر مہنگائی کی تیز تلوار سے وار کیا جاتا ہے سبزیاں ، پھل ، دالیں ، آٹا ، گھی ،گوشت اور دوسری اشیائے خوردنوش مہنگی ہو جاتی ہیں غریب اور متوسط طبقات کی زندگی اجیران بن چکی ہے ۔

(جاری ہے)

بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ نے لوگوں کو ذہنی مریض بنا دیا ہے اور کاروبار ی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے نقصانات قوم بھگت رہی ہے۔

معاشرے میں معاشی اور معاشرتی خرابیاں عروج پر ہیں دھوکا ، فراڈ ، رشوت ، سود ، بے حیائی کی محفلیں اور احکام خدا وندی کی کھلی نافرمانی یہ سارے گناہوں کا ملک میں کھلے عام ارتکاب ہو رہا ہے ۔ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ بحثیت غیور قوم عوام کو بیدار ہو نا ہوگا تاکہ ملک کو اسلامی پاکستان ا ور خوشحال پاکستان بنایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ آئند ہ الیکشن میں عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے کرپٹ حکمرانوں کا احتساب کریں گے۔