محکمہ زراعت کے زیر اہتمام رمضان بازاروں میں318 زرعی فیئرپرائس شاپس لگانے کا فیصلہ

میں ذاتی طورپر رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کی نگرانی کرونگا‘شہبازشریف عوام کو خصوصی ریلیف فراہم کرینگے،رمضان بازاروں میں آٹا،اشیائے ضروریہ،پھل اورسبزیاں سستے داموں دستیاب ہوں گی زرعی فیئر پرائس شاپس پر پھل وسبزیاںہول سیل ریٹ پر دستیاب ہونگی ،بیسن، دال چنا، کھجور، کیلا اور سیب پر سبسڈی دی جائیگی اشیاء ضروریہ،پھلوں اورسبزیوں کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیںہوگا، کسی بھی چیز کی قلت یا عدم دستیابی کی شکایت پیدا نہیں ہونی چاہیے قیمتوں کو ڈیجیٹل بورڈز کے ذریعے ڈسپلے کیا جائیگا،سبزی منڈیوں میں نیلامی کے وقت ڈپٹی کمشنر اورڈی پی او خود موجود ہونگے رمضان بازاروں کے ساتھ عام مارکیٹ میں بھی شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پیشگی اقدامات کیے جائیں‘وزیراعلیٰ پنجاب

منگل 25 اپریل 2017 22:46

محکمہ زراعت کے زیر اہتمام رمضان بازاروں میں318 زرعی فیئرپرائس شاپس لگانے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میںرمضان المبارک کی آمد کے پیش نظرصوبہ بھر میں رمضان بازار لگانے کیلئے کئے جانیوالے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران صوبے کے عوام کو خصوصی ریلیف فراہم کریںگے اورصوبہ بھر میں رمضان بازار لگائے جائیں گے۔

رمضان بازاروں میں آٹا،اشیائے ضروریہ،پھل اورسبزیاں سستے داموں دستیاب ہوں گی۔اجلاس میں محکمہ زراعت کے زیر اہتمام رمضان بازاروں میں318 زرعی فیئرپرائس شاپس لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔زرعی فیئر پرائس شاپس پر پھل وسبزیاںہول سیل ریٹ پر دستیاب ہوںگی جبکہ زرعی فیئر پرائس شاپس پربیسن، دال چنا، کھجور، کیلا اور سیب پر سبسڈی دی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اشیاء ضروریہ،پھلوں اورسبزیوں کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیںہوگا۔

رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر اشیاء ضروریہ ،پھلوں اورسبزیوں کا وافر سٹاک موجود ہونا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ کسی بھی چیز کی قلت یا عدم دستیابی کی شکایت پیدا نہیں ہونی چاہیے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اس ضمن میں متعلقہ ادارے اور محکمے ابھی سے پیشگی اقدامات کر کے فیصلے کریں اورجامع میکانزم بناکر عملدر آمد یقینی بنائیں۔انہوںنے کہا کہ خریداروں کی سہولت کے لئے رمضان بازاروں میںاشیاء کی قیمتوں کو ڈیجیٹل بورڈز کے ذریعے ڈسپلے کیا جائے گا جبکہ رمضان بازاروں میں صفائی کے بہترین انتظامات کیے جائیںگے۔

انہوںنے کہا کہ سبزی منڈیوں میں نیلامی کے وقت متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر اورڈی پی او خود موجود ہوںگے۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رمضان بازارلگانے کیلئے انتظامات خوب سے خوب تر کیے جائیں۔انہوںنے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والے عوام کے دشمن ہیں، انکے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اورناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف بھی بھر پور ایکشن لیا جائے ۔

رمضان بازاروں میںخریداری کیلئے آنے والے افراد کی سہولت کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں ۔ا نہوںنے کہا کہ رمضان بازاروں کے ساتھ عام مارکیٹ میں بھی شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پیشگی اقدامات کیے جائیں اورقیمتوں میں استحکام اوراشیاء کی دستیابی یقینی بنانے کے حوالے سے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔ معیاری اشیاء صرف کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنانا متعلقہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔

رمضان المبارک نیکیاں کمانے کامہینہ ہے لہذا آپ سب کو اپنے فرائض محنت اوردیانت سے سرانجام دینا ہے تاکہ شہریوں کو رمضان المبارک کے دوران حقیقی معنوں میں ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے ۔انہوںنے کہا کہ میں ذاتی طورپر رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف دینے کیلئے کیے گئے اقدامات کی نگرانی کروںگا۔صوبائی وزراء ملک ندیم کامران، شیخ علائوالدین، عائشہ غوث پاشا، نعیم اختر بھابھہ،مشیر ڈاکٹر عمر سیف، چیف سیکرٹری، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :