کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے قانون سے بالاتر کوئی نہیں ، گورنر سندھ

جمہوریت کے استحکام میں وکلاء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرسکتے ہیں ، کراچی بار ایسوسی ایشن وفد سے ملات

منگل 25 اپریل 2017 22:42

کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے قانون سے بالاتر کوئی نہیں ، گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ قانون کی با لا دستی سے ہی عوامی خوشحالی ، فلاحی معاشرہ کی تشکیل اور ترقی یافتہ ممالک میں پاکستان کی شمولیت ممکن ہے ،حکومت آئین و قانون کے مطابق ہی تمام اقداما ت اٹھا رہی ہے،کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے کہ قانو ن سے با لا تر کوئی بھی نہیں، صوبہ میں قانون کی حکمرانی ہر صورت یقینی بنائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء نے قانون کی با لادستی اس کے نفاذ اور جمہوریت کے استحکام میں بے مثل قربانیاں دیں ہیں جنھیں فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے ، آج جمہوریت کا تسلسل وکلاء کی جدوجہد کے مرہون منت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں کراچی بار ایسوسی ایشن کے 17 رکنی وفد جس کی سربراہی نعیم قریشی کررہے تھے ، سے ملاقات میں کیا ۔

(جاری ہے)

وفد میں کراچی بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر منیر احمد ملک ، جنرل سیکریٹری خالد نوا ز خان مروت ، جوئنٹ سیکریٹری ایس ایم جہانگیر اختر، خزانچی ارون پرساد ، لائبریرین سید اختر حسن اور ممبر منیجنگ کمیٹی احتشام ضیا سمیت دیگر اراکین شامل تھے ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ آئین کو ریاست کے ہر ستون پر فوقیت حاصل ہے ، ملک کے تمام شہریوں کے لئے قانون برابر ہے ، ملکی اور غیر ملکی ہر شہری پر ریاست کے آئین اور قوانین کی پاسداری لازم ہے ہمیں خو د کو آئین کا پاسدار بنانا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں وکلاء کا کردار اہمیت کا حامل ہے ، وکلاء معاشرہ میں پائی جانے والی نا ہمواریوں کو ختم کرنے میں حکومت سے تعاون کریں ، مشترکہ اقدامات سے ہی فلاحی معاشرہ کی تشکیل یقینی ہو سکتی ہے ۔ ملاقات میں وفد کے سربراہ نعیم قریشی نے گورنر سندھ کو بتایا کہ وکلاء کی تحریک جمہوریت کے اور پارلیمنٹری نظام کے استحکام کے لئے وقف تھی جسے شاندار کامیابی حاصل نصیب ہوئی ، وکلاء کی قربانیوں کے ثمر آج پاکستا ن میں جمہوریت تسلسل سے جاری ہے ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صوبہ میں آئین و قانون کے تحت کئے جانے والے اقدامات کو وکلاء بے حد سراہتے ہیں ، غیر آئینی و قانونی اقدامات کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کر سکتے ہیں ، فلاحی معاشرہ کی تشکیل میں حکومت سے ہر ممکن تعاون کرینگے ۔ نعیم قریشی نے گورنر سندھ کو کراچی بار ایسوسی ایشن کے مختلف مسائل جن میں ہو سٹل و نادرا دفتر کا قیام ، لائبریری کی حالت کو بہتر بنانا شامل تھے، کے بارے میں بتایا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی بار ایسوسی ایشن، پاکستان کی سب سے بڑی ایسوسی ایشن ہے جس کے 13 ہزار اراکیں ہیں ۔

متعلقہ عنوان :