صوبہ میں صحت ، تعلیم کے شعبوں میں برطانیہ کا تعاون قابل تحسین ہے، گورنر سندھ

پاک برطانیہ دو طرفہ معاشی تعلقات خطہ کے وسیع تر مفاد میں ہیں،دوطرفہ تعلقات میں مزید استحکام آرہا ہے ،محمد زبیر برطانیہ صوبہ میں بنیادی سہولیات کے ڈھانچہ کی فراہمی میں تعاون جاری رکھے گا،برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر بیلنڈا لوئس

منگل 25 اپریل 2017 22:31

صوبہ میں صحت ، تعلیم کے شعبوں میں برطانیہ کا تعاون قابل تحسین ہے، گورنر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں جن میں وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید استحکام آرہا ہے ، پاک برطانیہ دو طرفہ معاشی تعلقات خطہ کے وسیع تر مفاد میں ہیں ، صوبہ میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں برطانیہ کا تعاون قابل تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں برطانیہ کی ڈپٹی ہائی کمشنر بیلنڈا لوئس Belinda Lewis سے گورنر ہاس میں ملاقات میں کیا ۔

پرنسپل سیکریٹری محمد صالح احمد فاروقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقا ت میں مختلف شعبوں میں پاک برطانیہ اقتصادی تعاون ،صوبہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ جغرافیائی اہمیت کے باعث نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا کے امن کے لئے پاکستان کا کردار نہایت اہم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد کراچی میں معاشی سرگرمیاں تیز ہو رہی ہیں ، سرمایہ کار بھی کراچی میں سرمایہ کاری کے لئے بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں ،بڑے صنعتی مراکز اور کاروباری اداروں کے باعث کراچی کو ملک کا معاشی حب ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی آمد سے پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر ہوگا،پاک برطانیہ کے مابین باہمی تجارت میں مزید اضافہ کے لئے جامع کوششوں کی ضرورت ہے۔ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر بیلنڈا لوئس Belinda Lewis نے کہا کہ برطانیہ صوبہ میں بنیادی سہولیات کے ڈھانچہ کی فراہمی میں تعاون جاری رکھے گا تاکہ خصوصاً دور دراز علاقوں کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :