فیصل آباد:صوبے سے ملاوٹ مافیا کا خاتمہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات ہیں، راناثناء اللہ خان

غیر معیاری ، مضر صحت ،ملاوٹ شدہ اشیاء فروخت کرنیوالے اپنا قبلہ درست کر لیں ورنہ قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکیں گے تاجر برداری بھی قوم کی صحت کے دشمنوں کے قلع قمع کے لئے پنجاب فوڈ اتھارٹی سے اپنا بھر پور تعاون کریں، صوبائی وزیر قانون کا تاجروںاور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب

منگل 25 اپریل 2017 22:22

فیصل آباد:صوبے سے ملاوٹ مافیا کا خاتمہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2017ء) صوبائی وزیر قانون راناثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبے سے ملاوٹ مافیا کا خاتمہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات ہیں ، اس سلسلے میں کسی قسم سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، غیر معیاری ، مضر صحت ،ملاوٹ شدہ اشیاء فروخت کرنیوالے اپنا قبلہ درست کر لیں ورنہ قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکیں گے ، اشیائے خوردو نوش فروخت کر نے والے صفائی ستھرائی کو بھی ملحوظ خاطر رکھیںکیونکہ صفائی نصف ایمان ہے ، تاجر برداری بھی قوم کی صحت کے دشمنوں کے قلع قمع کے لئے پنجاب فوڈ اتھارٹی سے اپنا بھر پور تعاون کریں اور پنجاب فوڈ اتھارٹی پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنا حسن انداز میں ادا کرتے ہوئے تاجروں سے تعاون کر ے تا کہ تمام معاملات بطریق احسن پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے ، یہ بات انہوں نے ڈی سی کمپلیکس میںتاجروںاور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی نور الامین مینگل ، ڈپٹی کمشنر سلمان غنی ، میئر میونسپل کارپوریشن محمد نواز ملک ، ارکان پارلیمنٹ شیخ اعجاز احمد ، حاجی خالد سعید ، چوہدری فقیر حسین ڈوگر ، محمد نواز ملک ، وائس چیئر مین واسا ، میاں عرفان منان ، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی شہباز سرور ، اس موقع پر سپریم انجمن تاجران کے سرپرست حاجی اسلم بھلی‘ صدر جاوید ظفر‘ جنرل سیکرٹری عباس حیدر شیخ‘ غلہ منڈی کے صدر حاجی اسلم آصف‘ فوڈ بورڈ فیصل آباد کے صدر حاجی شیخ محمد نعیم‘ ودیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تاجر نمائندوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی شہباز سرور کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے ، صوبائی وزیر نے تاجروں کی شکایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی شہباز سرور کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں کے ساتھ بھی کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی پنجاب فوڈ اتھارٹی وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف کا خوش آئنداقدام ہے ، جس سے لوگوں کو معیاری اور ملاوٹ سے پاک اشیا کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے ،صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف رواں ہفتے فیصل آباد کے پانچ بڑے منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے یہ منصوبے 15.20ارب روپے کی لاگت سے مکمل کئے جا چکے ہیں وزیراعلیٰ پنجاب فیصل آباد کی مزید ترقی اور خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے مزید منصوبوں کا اعلان بھی کریں گے ، انہوں نے تاجروں سے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے استقبال کیلئے اپنی بھر پور تیاریاں کریں ،وزیراعلیٰ کی آمد کی تاریخ سے انہیں ایک دو دن میں آگاہ کر دیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ مکمل ہو نے والے میگا پراجیکٹس سے شہر کا حسن نکھر کر سامنے آگیا ہے ، مزید منصوبوں کی تکمیل سے فیصل آباد حقیقی معنوں میں پاکستان کا مانچسٹر بن جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی نور الامین مینگل نے کہا کہ صوبے کو ملاوٹ سے پاک کر کے عوام کومعیاری اور صحت افزاء اشیاء کی فراہمی ہمارا مشن ہے ، اس کے تکمیل کیلئے کوئی عذر قابل قبول نہیں تاجر اور پنجاب فوڈ اتھارٹی مل کر بھی اس لعنت سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ جنگ اور چنیوٹ میں بھی جلد فوڈ اتھارٹی کام کا آغاز کر دے گی ۔