نالج ایکسچینج پروگرام سے پاکستان اور برطانیہ کو ایک دوسرے کے تجربات اور تحقیق سے استفادہ کا موقع ملے گا، پاکستان میں تعلیم کے معیار میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے

وزیر مملکت محمد بلیغ الرحمن کا برٹش کونسل اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے نالج ایکسچینج پروگرام کی تقریب سے خطاب

منگل 25 اپریل 2017 21:20

نالج ایکسچینج پروگرام سے پاکستان اور برطانیہ کو ایک دوسرے کے تجربات ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2017ء) وزیر مملکت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ نالج ایکسچینج پروگرام سے پاکستان اور برطانیہ کو ایک دوسرے کے تجربات اور تحقیق سے استفادہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا، پاکستان میں تعلیم کے معیار میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ وہ منگل کو برٹش کونسل اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے درمیان نالج ایکسچینج پروگرام کے دوسرے مرحلہ کے شروع ہونے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان نالج ایکسچینج پروگرام سے دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے تجربات اور تحقیق سے استفادہ حاصل کرنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ نے تعلیم بالخصوص اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں پاکستان کی مدد کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسی قسم کا معاہدہ امریکہ کے ساتھ بھی ہے، ان معاہدوں سے اعلیٰ تعلیم اور خصوصی طور پر تحقیق کے شعبہ کو فروغ حاصل ہوا ہے۔

بلیغ الرحمن نے کہا کہ ہماری حکومت تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں بجٹ 90 ارب روپے تک ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے اور ملک کے حالات تیزی سے بہتر ہو رہی ہے۔ بیرونی دنیاکا بھی اعتماد بحال ہوا ہے اس کے پاکستان کی اقتصادی صورتحال پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ توانائی کی صورتحال میں تیزی سے بہتری آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہماری حکومت اقتدار میں آئی تو ملک میں دو کروڑ 60 لاکھ سکول جانے کی عمر کے بچے سکولوں سے باہر تھے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی سہولیات اور معیار تعلیم کوبہتر بنانے سے اس میں نمایاں بہتری آئی ہے اور سکول نہ جانے والے 40 لاکھ بچوں کا سکولوں میں داخلہ ممکن بنایا گیا ہے۔ اس موقع پر برٹش کونسل اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے درمیان نالج ایکسچینج پروگرام کے دوسرے مرحلے کے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب منعقد ہوئی۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ نالج ایکسچینج پروگرام کا دوسرا مرحلہ 3 سال کا ہو گا جس میں 16 سے 18 پروگراموں کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 16 پروگرام شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :