وزیر اعظم نواز شریف نے ہمیشہ قانون کا احترام اور عدالتی فیصلوں کو خندہ پیشانی سے تسلیم کیا ،گورنر پنجاب

منگل 25 اپریل 2017 21:20

وزیر اعظم نواز شریف نے ہمیشہ قانون کا احترام اور عدالتی فیصلوں کو خندہ ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ آئین اور قانون کی بالادستی اور اداروں کا احترام ہی قوموں کو بامِ عروج تک لے جاسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں وکلاء برادری کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میںمحمداسلم بھٹہ ،صوبائی جنرل سیکرٹری وکلاء فارم سندھ، رانا ظفر اقبال ڈپٹی جنرل سیکرٹری لائرفورم پی ایم ایل این، کوٹ ادو اور مظفر گڑھ کی تحصیل بار ایسوسی ایشن کے صدر عمرشریف چانڈیہ ، ملک محمد ارشد،سجاد حسین میاں، جنرل سیکرٹری میاں عامر سلطان گوراہا اور پی ایم ایل این لائرز فورم مظفر گڑھ کے صدر ملک محمد ارشد جاوید موجود تھے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وکلاء ہمارے معاشرے کا باشعور اور تعلیم یافتہ طبقہ ہے جنہوں نے ہمیشہ قانون کی سربلندی کے لئے آواز اٹھائی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کا عمل تب تک ممکن نہیںہوسکتا جب تک بنچ اور بار میں باہمی ہم آہنگی اور تعاون کی فضاء قائم نہ ہو۔ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے ہمیشہ قانون کا احترام کیا ہے اور عدالتی فیصلوں کو خندہ پیشانی سے تسلیم کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ کے معاملے پر بھی واویلا کرنے کی بجائے اس کی اصل حقیقت کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کی پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافے کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے اور اس مقصد کے لئے ڈسٹرکٹ اور تحصیل کی سطح پر بارز کو بااختیار کیا جائے گا۔اس موقع پر وکلاء برادری کے وفد نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ گورنر کے اعلیٰ منصب کے لئے حکومت نے ایک ماہر قانون کا انتخاب کیا ہے جو زندگی کے مختلف شعبوں کی طرح آئین اور انتظامی معاملات میں بھی قانون دان کی اہمیت کا واضح ثبوت ہے۔ انہو ں نے کہا کہ وہ گورنر پنجاب کو وکلاء کا حقیقی نمائندہ سمجھتے ہیں اور انہیں توقع ہے کہ وکلاء کی بہتری کے لئے ہر سطح پر آواز اٹھائیں گے۔