مسلم دنیا متحد ہو کر اپنے مفادات کا تحفظ کریاور اس مقصد کے لیے اسلامی تعاون تنظیم کا پلیٹ فارم استعمال کیا جائے جو مسلمانوں کے اتحاد کی علامت ہے، مسلم امہ کے درمیان اتحاد اور عالمی اور علاقائی مسائل کے ضمن میں مشترکہ نکات پر متفق ہونا ضروری ہے تاکہ اپنے مفادات کاتحفظ کیا جا سکے، پاکستان اردن کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور عوام کیلئے اردن کے شاہ عبداللہ، حکومت اور عوام کے جذبات کی قدر کرتا ہے

صدر مملکت ممنون حسین کی اردن کی سینیٹ کے صدر فیصل الکیف الفائز سے بات چیت

منگل 25 اپریل 2017 21:12

مسلم دنیا متحد ہو کر اپنے مفادات کا تحفظ کریاور اس مقصد کے لیے اسلامی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اپریل2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ مسلم دنیا متحد ہو کر اپنے مفادات کا تحفظ کریاور اس مقصد کے لیے اسلامی تعاون تنظیم کا پلیٹ فارم استعمال کیا جائے جو مسلمانوں کے اتحاد کی علامت ہے۔صدر مملکت نے یہ بات اردن کی سینیٹ کے صدر فیصل الکیف الفائز سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے اپنے وفد کے ہمراہ ایوان صدر میں ملاقات کی۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے کہا کہ مسلم امہ کے درمیان اتحاد اور عالمی اور علاقائی مسائل کے ضمن میں مشترکہ نکات پر متفق ہونا ضروری ہے تاکہ اپنے مفادات کاتحفظ کیا جا سکے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان اردن کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور پاکستان عوام کے لیے اردن کے شاہ عبداللہ، حکومت اور عوام کے جذبات کی قدر کرتا ہے، انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اور گہرے تعلقات، مشترکہ عقائد اور تاریخ ثقافت پر مبنی ہیں جن کا اظہار صنعت و تجارت میں اضافے کی صورت میں ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انھوں نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ تمام عالمی اور علاقائی مسائل پر پاکستان اور اردن نے ہمیشہ یکساں موقف اختیار کیا ہے اور عالمی پلیٹ فارموں پر ایک دوسرے کے ساتھ بھر پور تعاون کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ اردن کے شاہ عبداللہ اور ان کی حکومت مشرق وسطیٰ کے مسائل کے حل کے سلسلے میں جس تدبر کا مظاہرہ کر رہے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔

انھوں نے اردن میں شامی مہاجرین کی اچھی دیکھ بھال کی بھی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ شامی مہاجرین کے سلسلے میں اردن جس معاشی دباؤ کا شکار ہے، پاکستان کے لیے قابل فہم ہے کیونکہ پاکستان گذشتہ تین دہائیوں سے ایسے ہی مسائل کا سامنا کر رہاہے۔ انھوں نے معزز مہمان سے کہا کہ وہ ان کی نیک تمنائیں شاہ عبداللہ ، ان کی حکومت اور اردن کے عوام تک پہنچا ئیں۔

اس موقع پر اردن کی سینیٹ کے صدر فیصل الکیف الفائز نے صدر مملکت کو اردن کے شاہ کی طرف سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ اردن پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کا خواہش مند ہے۔ انھوں نے بتایا کہ جلد ہی عمان کے چیمبر آف کامرس کے وفد کا دورہ پاکستان متوقع ہے جس میں دونوں ملکوں کے تاجر اور صنعتکار باہمی تجارت کے فروغ کے سلسلے میں بات چیت کریں گے۔