پاکستان غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کیلئے بہترین مراعات فراہم کرتاہے، بیرون ملک پاکستان کے بہتر تشخص کو اجاگر کیا جائے

صدر مملکت ممنون حسین کی ڈنمارک کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر سید ذوالفقار حیدر گردیزی

منگل 25 اپریل 2017 21:12

پاکستان غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کیلئے بہترین مراعات فراہم کرتاہے، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کیلئے بہترین مراعات فراہم کرتاہے، بیرون ملک پاکستان کے بہتر تشخص کو اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں ایوان صدر میں ڈنمارک کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر سید ذوالفقار حیدر گردیزی کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔

صدر نے کہا کہ ڈنمارک میں تجارتی برادری کو پاکستان میں بالخصوص متبادل توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا جائے۔ سفیر کو ان کی نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد دیتے ہوئے صدر نے کہا کہ اگرچہ پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم میں اضافہ ہو رہا ہے تاہم ڈنمارک کیلئے روایتی اور غیر روایتی اشیاء میں ہماری برآمدات مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

صدر نے توقع ظاہر کی کہ نئے نامزد سفیر کی تقرری سے دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان پرتپاک اور خوشگوار تعلقات ہیں اور دونوں ممالک مختلف بین الاقوامی اداروں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔ انہوں نے نامزد سفیر سے کہا کہ وہ سال 2018-20ء کیلئے انسانی حقوق کی کونسل میں پاکستان کے امیدوار کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹرینز اور تھنک ٹینک کسی بھی حکومت کی پالیسیوں کی تیاری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس لئے نامزد سفیر ڈنمارک کے معاشرے کے ان طبقات کے ساتھ رابطے کیلئے سنجیدہ کوششیں کریں تاکہ انہیں مقبوضہ کشمیر اور افغانستان کی صورتحال سے آگاہ کیا جا سکے۔ صدر نے نامزد سفیر سے کہا کہ وہ بیرون ملک پاکستانیوں کو موثر قونصلر سروس فراہم کریں اور ان کے مسائل سے آگاہی کیلئے ان سے رابطے میں رہیں۔ صدر نے نئے سفیر کی ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ڈنمارک کی ملکہ مارگریٹ دوئم کیلئے ان کی نیک تمنائیاں بھی پہنچائیں۔

متعلقہ عنوان :