پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزیدمضبوط بنانے کیلئے اپنی بہترین صلاحیتیں استعمال کریں، دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود معاہدوں پر جلد عملدرآمد کیلئے کام کریں

صدر ممنون حسین کی پولینڈ کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر شفقت علی خان سے گفتگو

منگل 25 اپریل 2017 21:12

پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزیدمضبوط بنانے کیلئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2017ء) صدر ممنون حسین نے صنعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان کوپولینڈ کی مہارت سے فائدہ اٹھا نے پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ پولینڈ کے سرمایہ کار زراعت، فوڈ پراسیسنگ، کوئلہ، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں ایوان صدر میں پولینڈ کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر شفقت علی خان کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

نامزد سفیر کو ان کی نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد دیتے ہوئے صدر نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزیدمضبوط بنانے کیلئے اپنی بہترین صلاحیتیں استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پولینڈ کو یورپ میں ایک انتہائی اہم ملک تصور کرتاہے اور دونوں ممالک کو سیاسی، معاشی اور دفاعی شعبہ میں اعلیٰ سطحی بات چیت کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نامزد سفیر سے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود معاہدوں پر جلد عملدرآمد کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت اس کے حقیقی صلاحیت سے کم ہے جس میں اضافے کی ضرورت ہے۔ صدر نے کہا کہ پولینڈ کے سرمایہ کار زراعت، فوڈ پراسیسنگ، کوئلہ، توانائی اور دفاع کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ صدر نے نامزد سفیر کی نئی ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :