باجوڑایجنسی میںسخت سکیورٹی کی نگرانی میں چھٹی مردم شماری کا آغازہوگیا

منگل 25 اپریل 2017 20:32

باجوڑایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2017ء) باجوڑایجنسی میںسخت سکیورٹی کے نگرانی میں چھٹی مردم شماری کا آغازہوگیا ۔ پولیٹیکل ایجنٹ باجوڑ انجینئر عامرخٹک نے سول کالونی خا رمیں سیکٹر کمانڈرنارتھ بریگیڈئیر عامرکیانی ، کمانڈنٹ باجوڑ سکائوٹس کرنل نیئر زمان کے موجودگی میں خانہ شماری مہم کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ خار محمد علی خان ، اے پی اے ناوگئی انورالحق ، لیفٹنٹ کرنل نعیم اکبر ، میجر شہزاد ، باجوڑ پریس کلب کے صدر حسبان اللہ خان اور میڈیا کے نمائندے بھی موجودتھے ۔

پولیٹیکل ایجنٹ انجینئر عامرخٹک نے سول کالونی خار میں واقع اپنے رہائشگاہ سے خانہ شماری مہم کا آغاز کیا ۔ دریں اثناء خانہ شماری مہم کے افتتا ح سے قبل میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے باجوڑ سکائوٹس کے لیفٹنٹ کرنل نعیم نے کہا کہ باجوڑایجنسی میں سخت سکیورٹی کے نگرانی میں مردم وخانہ شماری مہم کا آغاز ہورہاہے اور پاک فوج ، باجوڑ سکائوٹس اور باجوڑ لیویز فورس کے جوان سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مردم شماری کیلئے کنٹرول روم قائم کیاگیاہیںسیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈیئر عامر کیانی اور کمانڈنٹ باجوڑ سکائوٹس کرنل نیئر زمان نے باجوڑ سکائوٹس میں قائم مردم شماری کنڑول روم آفس کا دورہ کیااور وہاں کی گئی انتظامات کا جائزہ لیا ۔ کرنل نعیم نے کہا کہ مردم شماری میں 413ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔پچیس سو سے زائد سکیورٹی اہلکار جس میں پاک فوج ، باجوڑ سکائوٹس اور لیویز فورس کے جوان شامل ہیں سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیںجبکہ تمام تحصیلوں میں قبائلی عمائدین اور عوام نے بھی مردم شماری میں بھرپور تعاون کا اعلان کرتے ہوئے اپنے اپنے علاقوں میں سکیورٹی انتظامات بھی کی ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ باجوڑایجنسی میں مردم شماری دو مرحلوں میں مکمل کی جائیگی پہلا مرحلہ 25اپریل سے 10مئی تک ہوگا جبکہ دوسرا مرحلہ 11مئی سے 25مئی تک ہوگا۔انھوں نے کہا کہ پہلے تین روز خانہ شماری ہوگی۔ مردم شماری کیلئے 564افراد کو تربیت فراہم کی گئی ہیں جبکہ مردم شماری کیلئے 413ٹیمیں تشکیل دی گئی ۔ اس کے علاوہ 93سپروائزر اور ہر تحصیل میں ایک ایک سپرنٹنڈنٹ نگرانی کریگا جبکہ کمانڈنٹ باجوڑ سکائوٹس کرنل نیئر زمان ، پولیٹیکل ایجنٹ باجوڑ انجینئر عامرخٹک ، لیفٹنٹ کرنل نعیم اکبر، فوکل پرسن اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ محمد علی خان اور انچارج امجد علی خان بھی مسلسل نگرانی کریں گے۔

انھوں نے بتایا کہ غلط معلومات فراہم کرنا جرم تصور ہوگا جس کی سزا 50ہزار روپے جرمانہ اور 6مہینے قید ہوگی اور غلط معلومات دینے والوں کو موقع پر گرفتار کیاجائیگا۔ دریں اثناء مردم شماری کے آغاز پر ایجنسی میں سخت سکیورٹی انتظامات کی گئی ہیں اور داخلی وخارجی راستوں پر سخت چیکنگ جاری ہیں جبکہ ایجنسی کے اندر بھی چیک پوائنٹس قائم کی گئی ہیں ۔ یادرہے کہ ایجنسی کے دور افتادہ علاقوں میں قبائلی عوام نے مردم شماری ٹیموں کا پرتپاک استقبال کیااور انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :