آصف زرداری کی کرپشن کیخلاف مہم قیامت کی نشانی ہے،رانا ثناء اللہ

عمران خان ،شیخ رشید اور سراج الحق ملکر جے آئی ٹی پر دبائو ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں،صوبائی وزیر قانون

منگل 25 اپریل 2017 19:56

آصف زرداری کی کرپشن کیخلاف مہم قیامت کی نشانی ہے،رانا ثناء اللہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2017ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سوشل میڈیا پر پانامہ فیصلے کے خلاف تنقید پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اور اُن کے ساتھی راولپنڈی کا شیطان اور ایک مکار مولوی مل کر جے آئی ٹی پر دبائو ڈالنے کے لئے سوشل میڈیا پر سازش کررہے ہیں جس کا مقصد عمران خان کی جانب اپنے منفی مقصد کو حاصل کرنا ہے۔

گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کی جے آئی ٹی پر اثرانداز ہونے کی کوشش تشویشناک ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کی منفی حراکات کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر بھی انتہائی تشویشناک ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سوشل میڈیا پر سپریم کورٹ آف پاکستان کے ججوں کے خلاف گندی مہم چلا رہا ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان اور ان کا ٹولہ سپریم کورٹ کے ججز کے اختلافی نوٹ کو فیصلہ ظاہر کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے مسلمان اور دوسرے مذہب کے لوگ الہامی کتابوں پر ہی یقین رکھتے ہیں لہٰذا سپریم کورٹ کو اس بات کا نوٹس لینا چاہیے کہ ججز کے اختلاف نوٹ کو سپریم کورٹ کا فیصلہ ظاہر کرنے کی کوشش نہ کرنے دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی ماہرین اس بات پر سوچ بچار کررہے ہیں کہ کیا ججز کے اختلافی نوٹ پررویو پٹیشن دائر کی جا سکتی ہے یا نہیں اور اگر ایسا ممکن ہوا تو وہ اپنی پارٹی سے رویو پٹیشن کی اجازت لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کو چیئرمین آصف علی زرداری کرپشن کے خلاف جو مہم چلا رہے ہیں کہ وہ قیامت کی نشانی ہے۔ (اے ملک)