پاکستان اور مالدیپ قریبی ساتھی ہیں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کے لئے کوشاں ہیں، وزیراعظم نواز شریف

جنوبی ایشیاء میں امن و امان کے قیام اور سارک چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے لئے پرعزم ہیں، مالدیپ کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں گفتگو

منگل 25 اپریل 2017 19:27

پاکستان اور مالدیپ قریبی ساتھی ہیں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2017ء) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہاہے کہ پاکستان اور مالدیپ قریبی ساتھی ہیں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کے لئے کوشاں ہیں ۔جنوبی ایشیاء میں امن و امان کے قیام اور سارک چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے لئے پرعزم ہیں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز ایوان وزیر اعظم میں مالدیپ کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں کیا ۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے کیونکہ دونوں ممالک مشترکہ مذہب ، احترام اور دوستی کے رشتے میں بندھے ہیں دونوں حلقوں کے مابین باہمی روابط کو مزید تقویت دینے کے لئے ضروری ہے کہ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مستحکم بڑھایا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ میں پارلیمانی تعاون کا فروغ خوش آئند ہے گزشتہ سال چیئرمین کا دورہ مالدیپ مضبوط پارلیمانی تعلقات کا آئینہ دار ہے ۔

نواز شریف نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں امن اور تعاون کے لئے سلامتی اور استحکام ناگزیر ہے پاکستان نہ صرف جنوبی ایشیاء میں امن و تعاون کے فروغ کا خواہش مند ہے بلکہ سارک کو خطے کی متحرک علاقائی تنظیم دیکھنا چاہتا ہے ہم سارک چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے لئے پرعزم ہیں ۔ مالدیپی وزیر خارجہ نے کہاکہ ہم پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے خواہاں ہیںاور اس ضمن میں اپنا ہر ممکن تعاون کریں گے ۔ (جاوید)