نیب نے کرپشن الزامات پر لیسکو کے سابق کمپنی سیکرٹری کو گرفتار کر لیا ، گاڑی بھی ضبط کر لی گئی

ڈی سی آفس میانوالی میں تعینات رجسٹرار محرر کو بھی گرفتار کر لیا گیا ، آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام

منگل 25 اپریل 2017 18:57

نیب نے کرپشن الزامات پر لیسکو کے سابق کمپنی سیکرٹری کو گرفتار کر لیا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2017ء) قومی احتساب بیورو ( نیب) نے کرپشن الزامات پر لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے سابق کمپنی سیکرٹری کو گرفتار کر کے گاڑی بھی ضبط کر لی جبکہ ڈی سی آفس میانوالی میں تعینات رجسٹرار محرر کو گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق لیسکو کے سابق کمپنی سیکرٹری میاں افضل پر کروڑوں روپے کی بد عنوانی کا الزام ہے جس پر مئی 2016ء میں شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر نیب نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا ۔

میاں افضل کی گاڑی بھی ضبط کر لی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ ڈی سی آفس میانوالی میں تعینات رجسٹری محرر محمد اکرم خان پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے ،ملزم نے اپنے اور خاندان کے دیگر افراد کے نام بے شمار جائیدادیں بنا رکھی ہیں ،ملزم کے مختلف اکائونٹس میں لگ بھگ 80 لاکھ کی رقم موجود ہے ۔محکمہ اینٹی کرپشن بھی ملزم کے خلاف کارروائی کی کوشش کر چکا ہے۔ملزم محمد اکرم کے خلاف نیب لاہور کو 2015ء کے اواخر میں کرپشن کے حوالے سے شکائیت ملی جو 2016ء میں تفتیش کے مراحل میں داخل ہوئی ۔اپنے لاکھوں کے اثاثوں کے شواہد نہ دینے اور کرپشن کی مد میں جعلی اسلحہ لائسنس بنانے کے الزام میں نیب لاہور نے ملزم کو لاہور سے گرفتار کیا۔