کراچی ملک کے چپے چپے سے تعلق رکھنے اور مختلف زبانیں بولنے والے افراد کا مجموعہ ہے ،آئی جی سندھ

منگل 25 اپریل 2017 16:53

کراچی ملک کے چپے چپے سے تعلق رکھنے اور مختلف زبانیں بولنے والے افراد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2017ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ کراچی ملک کے چپے چپے سے تعلق رکھنے اور مختلف زبانیں بولنے والے افراد کا مجموعہ ہے جو عرصہ دراز سے یہاں آباد ہیں اور سندھ دھرتی کا باقاعدہ حصہ بن گئے ہیں۔ آزاد کاروباری سرگرمیوں، کاروبار کی ترقی کے مواقعوں کی دستیابی اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے اس شہر پر ملک اور سماج دشمن عناصر کی کڑی نگاہ ہے تاہم پولیس اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور حکمت عملی پر سختی سے عمل پیرا ہوتے ہوئے مردانہ وار ایسے عناصر کے مذموم مقاصد اور گھناؤنے عزائم کو ناکام بنانے میں شب وروز مصروف عمل ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز نجی ہوٹل میں روٹری کلب آف پاکستان کی جانب سے دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مختلف ملکوں کے سفارتکاروں سمیت ٹیکنو کریٹس، تاجربرادری ،ریٹائرڈ پولیس افسران ودیگر معروف شخصیات بھی موجود تھیں۔آئی جی سندھ نے اس موقع پر روٹری کلب آف پاکستان کے صدر، سیکریٹری ودیگر عہدیداران کا دوران خطاب شکریہ اداکرتے ہوئے سندھ اور باالخصوص کراچی میں سال 1980ئ؁ سے لیکر ابتک امن وامان کی صورتحال، درپیش چیلنجز اور ان کو پیش نظر رکھتے ہوئے پولیس کے مجموعی اقدامات بشمول کراچی آپریشنز پلان وجرائم کے خلاف دیگر اقدامات اور رواں سال پر مشتمل پولیس کارکردگی کا تفصیلی احاطہ کیا۔

آئی جی سندھ نے اپنے خطاب میں پولیس رپورٹنگ سینٹرز، پولیس سہولت مراکز کے قیام اور اس سے شہریوں کو میسر آنیوالی سہولیات کے بارے میں بھی شرکاء تقریب کو بتایا۔ انہوں نے اس موقع پر پولیس ریکروٹمنٹ بورڈاور اسکے تحت اہلیت اور میرٹ پر پڑھے لکھے نوجوانوں کی سندھ پولیس میں بھرتی، پولیس بینوویلنٹ فنڈز کے قیام اور اسکے تحت پولیس کی بیواؤں کو ماہانہ بنیاد پر فنڈز کی فراہمی جیسے اقدامات سمیت پولیس ایکٹ 1861 ئ؁ اور موجودہ دور کے تقاضوں کے پیش نظر درپیش چیلنجز اور ان سے نمٹنے جیسے اقدامات پر بھی تقابلی جائزوں اور خصوصی حوالوں سے جملہ تفصیلات کا احاطہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ایک بین الاقوامی حیثیت کا حامل شہر ہے اسکا شمار دنیا کے بڑے شہروں میں ہوتا ہے۔ یہ شہر پاکستان کا معاشی حب ہونیکے باعث ناصرف زونل، ریجنل وملکی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ایک منفرد اور جداگانہ مقام رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہر ملک کے چپے چپے سے تعلق رکھنے اور مختلف زبانیں بولنے والے افراد کا مجموعہ ہے۔

جو عرصہ دراز سے یہاں آباد ہیں اور سندھ دھرتی کا باقاعدہ حصہ بن گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزاد کاروباری سرگرمیوں، کاروبار کی ترقی کے مواقعوں کی دستیابی اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے اس شہر پر ملک اور سماج دشمن عناصر کی کڑی نگاہ ہے تاہم پولیس اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور حکمت عملی پر سختی سے عمل پیرا ہوتے ہوئے مردانہ وار ایسے عناصر کے مذموم مقاصد اور گھناؤنے عزائم کو ناکام بنانے میں شب وروز مصروف عمل ہے ۔

اس بات کا بین ثبوت سندھ پولیس کی کارکردگی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے بھی پولیس کو شہری انتظامیہ کا تعاون درکار ہے جس میں مرکزی شاہراہوں پر لین مارکنگ، ترقیاتی کاموں کے باعث متاثرہ سڑکون کی جلد سے جلد بحالی وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تربیت کی تکمیل کے بعد جلد ہی 3500 پولیس اہلکار ٹریفک پولیس کے ڈسپوزل پر آجائیں گے جس سے بلاشبہ ٹریفک کی روانی جیسے نظام کو نمایاں فروغ اور بہتری یقینی ہوجائیگی۔

تقریب کے اختتام پر روٹری کلب آف پاکستان کی جانب سے آئی جی سندھ کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی اور صوبے وباالخصوص کراچی میں امن وامان کے حالات پر کنٹرول اور جرائم کے خلاف پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تمام شرکاء نے کھڑے ہوکر انکے حق میں کلیپنگ کی۔ اس موقع پر روٹری کلب آف پاکستان کے مختلف نمائندوں نے آئی جی سندھ سے مختلف سوالات بھی کیے جن کے انہوں نے خصوصی حوالوں سے جوابات دیے۔

متعلقہ عنوان :