آپریشن رد الفساد اور پانامہ انکوائری کے معاملہ میں فوج کا مؤقف قومی امنگوں کے مطابق ہے ‘ طاہر محمود اشرفی

منگل 25 اپریل 2017 16:51

آپریشن رد الفساد اور پانامہ انکوائری کے معاملہ میں فوج کا مؤقف قومی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2017ء) آپریشن رد الفساد اور پانامہ انکوائری کے معاملہ میں فوج کا مؤقف قومی امنگوں کے مطابق ہے ، ذاتی پسند ، ناپسند کی بناء پر قومی اداروں کے کردار کو مشکوک بنانے کی کوشش افسوسناک ہے ، جے آئی ٹی کے آزادانہ تحقیقات کیلئے ضروری ہے کہ ماحول میں تلخی پیدا نہ کی جا سکے ۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اسلام آباد میں جامع مسجد معاذ بن جبل ؓ میں علماء و مشائخ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر مولانا طاہر عقیل اعوان ،مولانا عبد الحمید صابری ،مولانا نعمان حاشر ،مولانا حفیظ الرحمن ، مولانا نائب خان، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا شہزاد احمد ، مولانا محمد اسلم قادری ، مولانا عبد القیوم ، مولانا عمر عثمانی ، مولانا حبیب الرحمن بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو مفادات اور مصلحتوں سے بالا تر ہو کر عوامی خدمت کی طرف توجہ دینی چاہیے ، پارلیمنٹ میں احتساب کے مؤثر نظام کیلئے قانون سازی ہونی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ پاکستان کے مستقبل کیلئے ضروری ہے ، محراب و منبر سے کرپشن کے خاتمے اور احتساب کے مؤثر نظام کو بنانے کیلئے ہر سطح پہ آواز بلند کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل سپہ سالار قوم جنرل باجوہ کے آپریشن رد الفساد کے حوالہ سے بیان کا خیر مقدم کرتی ہے ۔ آپریشن رد الفساد اسی وقت کامیاب ہو گا جب ملک کی سیاسی و مذہبی قیادت اور عوام انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے اس کا حصہ بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی اسلامی عسکری اتحاد کے خلاف بیان بازی کا مقصد صرف مسلم امة میں انتشار پیدا کرنا ہے ، عالمی اسلامی عسکری اتحاد کسی ملک یا مسلک کے خلاف نہیں ہے بلکہ یہ اتحاد انتہاء پسند اور دہشت گرد عناصر کے خلاف ہے۔