ڈان لیکس ; وزیر اعظم نے طارق فاطمی کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری دے دی۔ ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 25 اپریل 2017 15:28

ڈان لیکس ; وزیر اعظم نے طارق فاطمی کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری دے دی۔ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25اپریل 2017ء): وزیر اعظم نواز شریف کو آج ڈان لیکس کی رپورٹ پیش کی گئی جس کے بعد وزیر اعظم نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈان لیکس کی رپورٹ پر بات چیت کی گئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے ملاقات میں معاون خصوصی طارق فاطمی اور پرنسپل انفارمیشن افسر راؤ تحسین کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری دے دی ہے ۔

البتہ اس کا تاحال کوئی باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا گیا۔ خیال رہے کہ آج ہی وزیر اعظم نواز شریف کو ڈان لیکس کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی گئی۔ رپورٹ میں خبر کو پلانٹڈ نیوز کا نام دیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیوز لیکس رپورٹ میں پرویز رشید کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد سامنے نہیں آ سکے۔

(جاری ہے)

پرویز رشید کو رپورٹرز نے قریبا 11میسیجز بھیجے، پرویز رشید نے رپورٹرز کو اکثر میسیجز کا جواب نہیں دیا۔

رپورٹ میں سیف سٹی پراجیکٹ سے حاصل تصاویر بھی لگائی گئیں۔ نیوز لیکس پر اخبار کارروائی اے پی این ایس کے سپرد کرنے کی سفارش کی گئی۔ رپورٹ میں معاون خصوصی طارق فاطمی اور پرنسپل انفارمیشن افسر راؤ تحسین کے خلاف کارروائی کی بھی سفارش کی گئی تھی۔ جس کے بعد وزیر اعظم نے طارق فاطمی اور راؤ تحسین کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری دے دی۔