جنوبی ایشیاء میں امن اور تعاون کا فروغ پاکستان کی دلی خواہش ہے، سارک کو فعال علاقائی تنظیم کے طورپر دیکھنا چاہتے ہیں ،سارک چارٹر کے اصولوں اور مقاصد سے وابستگی کا تہیہ کررکھا ہے

وزیر اعظم محمد نواز شریف کی مالدیپ کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد عاصم کے ساتھ ملاقات میں گفتگو

منگل 25 اپریل 2017 15:13

جنوبی ایشیاء میں امن اور تعاون کا فروغ پاکستان کی دلی خواہش ہے، سارک ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2017ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہاہے کہ جنوبی ایشیاء میں امن اور تعاون کا فروغ پاکستان کی دلی خواہش ہے جس کے لئے سلامتی اور استحکام ضروری ہے ۔ منگل کو یہاں وزیر اعظم ہائوس میں مالدیپ کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد عاصم کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان سارک کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور اسے فعال علاقائی تنظیم کے طورپر دیکھنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے سارک چارٹر کے اصولوں اور مقاصد سے وابستگی کا تہیہ کررکھا ہے ۔وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک مشترکہ عقیدہ ، باہمی مفاہمت و احترام میں جڑے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دو طرفہ تجارت میں اضافہ کے لئے کام کرنے پر زور دیا ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ یہ بات حوصلہ افزاء ہے کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان پارلیمانی تعاون میں اضافہ ہوا ہے اور مالدیپ کے سینیٹ کے چیئرمین کا گزشتہ سال دورہ پاکستان مستحکم پارلیمانی تعلقات کا ثبوت ہے۔ ڈاکٹر محمد عاصم نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی امید کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔