ملیریا کے شکار ممالک کی تعداد 108 سے کم ہو کر 91 ہوگئی، عالمی ادارہ صحت

منگل 25 اپریل 2017 14:30

ملیریا کے شکار ممالک کی تعداد 108 سے کم ہو کر 91 ہوگئی، عالمی ادارہ صحت
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2017ء) عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ ملیریا کے شکار ممالک کی تعداد 108سے کم ہو کر 91ہوگئی ہے۔ورلڈ ملیریا ڈے کے موقع پر جاری کیے گئے اعداوشمار کے مطابق 2015ء کے دوران ملیریا سے ہونے والی اموات میں 29 اور اس مرض میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد میں 21 فیصد کمی ہوئی تاہم آج بھی دنیا کے 43ممالک ملیریا کے حوالے سے خطرناک تصور کئے جاتے ہیں اور ایسے ممالک کی بڑی تعداد افریقہ سے ہے۔

2015ء کے دوران دنیا میں ملیریا سے 4لاکھ 29ہزار افراد بلاک ہوئے جبکہ 2کروڑ 12لاکھ افراد مرض میں مبتلا ہوئے۔ دنیا کی نصف آباد ی کسی نہ کسی طرح سے ملیر یا کے مرض کی زد میں ہے تاہم عالمی ادارے کی کاوشوں کے باعث نہ صرف اس مرض کے بچائو کے لئے خاطر خواہ اقدامات کرتے ہوئے متاثرہ خطوں میں امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ملیریا کی مرض سے زیادہ تر بچے متاثر ہورہے ہیں جس کے باعث کل مریضوں کا 70فیصد بچوں پر مشتمل ہے۔

ورلڈ ملیریا رپورٹ 2016ء کے مطابق عالمی سطح پر ہر 2منٹ میں ایک بچہ ملیریا کے مرض سے ہلاک ہو رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ 2015ء کے دوران دنیا میں 3لاکھ 3ہزار بچے اپنی پانچویں سالگر ہ سے پہلے ہی ملیریا کے مرض کے باعث ہلاک ہوئے۔ ملیریا کے مرض سے سب سے زیادہ متاثر وسطی افریقہ کا خطہ ہے جہاں ہر ایک لاکھ میں سے 76 افراد ملیریا کے مرض کے باعث ہلاک ہوجاتے ہیں جبکہ درجہ بندی میں فی لاکھ 74 ہلاکتوں کے ساتھ چاڈ دوسرے ،71کے ساتھ کانگو تیسرے، 70کے ساتھ سرائے لیون چوتھے اور 64کے ساتھ گیمبیا پانچویں نمبر ہے۔درجہ بندی میں فی لاکھ 3ہلاکتوں کے ساتھ بھارت 50 ویں، فی لاکھ 2ہلاکتوں کے ساتھ پاکستان 52 ویں اور فی لاکھ ایک کے ساتھ بنگلہ دیش 53ویں، افغانستان 56ویں اور نیپال 63ویں نمبر پر ہے۔