’یہ دہشت گرد ہیں ‘‘، سانحہ مال روڈ کے سہولت کار انوار الحق ،اسکے بھائی کی لاشیں ورثاء نے لینے سے انکار کر دیا

دہشتگردوں کی لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی تھیں، سی ٹی ڈی نے 5نامعلوم سمیت تمام لاشوں کو دفنانے کا فیصلہ کر لیا

منگل 25 اپریل 2017 13:54

’یہ دہشت گرد ہیں ‘‘، سانحہ مال روڈ کے سہولت کار انوار الحق ،اسکے بھائی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2017ء) کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہونے والے سانحہ مال روڈ کے سہولت کار انوار الحق اور اسکے بھائی کی لاش کو ورثاء نے لینے سے انکار کر دیا ، سی ٹی ڈی نے 5نامعلوم سمیت تمام لاشوں کو دفنانے کا فیصلہ کر لیا ۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق 8اپریل کو سی ٹی ڈی کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہونے والے 10میں سے 3دہشت گردوں کی لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی تھیں جبکہ سانحہ مال روڈ کے سہولت کار انوار الحق ، اسکے بھائی عبداللہ اور 5نامعلوم دہشت گردوں کی لاشیں مردہ خانے میں موجود ہیں ۔

ذرائع کے مطابق انوار الحق اور عبداللہ کے ورثاء نے دونوں کی لاشیں لینے سے انکار کر دیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد ہیں ان کی لاشیں نہیں لے سکتے ۔

(جاری ہے)

جس پر سی ٹی ڈی نے تمام لاشوں کو دفنانے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق لاشوں کو میانی صاحب قبرستان کے احاطہ لاوارثان میں دفن کیا جائے گا ۔ یاد رہے کہ 8اپریل کو مال روڈ دھماکے میں ملوث سہولت کار انوار الحق اور اس کے ساتھیوں کو اسلحہ اور بارود کی ریکوری کے لئے مناواں لے جایا جا رہا تھا کہ ان کے ساتھیوں نے حملہ کر دیا ، جوابی فائرنگ میں انوار الحق ، اسکا بھائی عبداللہ سمیت کالعدم تنظیم کے 10دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے ۔

متعلقہ عنوان :