امریکی سر مایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے پر کشش مواقع سے فائدہ اٹھائیں ،ْ وزیر خزانہ اسحاق ڈار

پاکستان کم شرح سود پر قرضوں کی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہاہے ،ْبین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں مینوفیکچرنگ کے شعبہ میں سرمایہ کاری پر غور کریں خطاب

منگل 25 اپریل 2017 13:51

امریکی سر مایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے پر کشش مواقع سے فائدہ ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2017ء) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکی سر مایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے پر کشش مواقع سے فائدہ اٹھائیں ،ْ پاکستان کم شرح سود پر قرضوں کی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہاہے ،ْبین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں مینوفیکچرنگ کے شعبہ میں سرمایہ کاری پر غور کریں۔

واشنگٹن میں یو ایس چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں امریکا پاکستان بزنس کونسل کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت معیشت کے تمام شعبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے اور اس حوالے سے حکومت کئی بین الاقوامی اداروں سے مل کرکام کررہی ہے ۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ شفافیت کے ذریعے گورننس کی بہتری اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت ٹیکس چھپانے کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار نے تقریب کے شرکاء کو بتایاکہ پاکستان کی بین الاقوامی ریٹنگ میں گزشتہ چار سال کے دوران نمایاں تبدیلی رونما ہوئی ہے اور اس کی ریٹنگ منفی سے مثبت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری سٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرنے والی پانچ بڑی مارکیٹس میں شامل ہے جس سے یہ بات ظاہرہوتی ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجودہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے اب تک کاروباری سہولتوں کے حوالے سے 24 مختلف قوانین متعارف کروائے ہیں جبکہ مزید 10قوانین پر کام کیاجارہاہے۔ پاک امریکا دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک تجارت ، کاروبار اور سماجی ترقی کے شعبوں میں مل کرکام کررہے ہیں۔ انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں پر زور دیاکہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے پر کشش مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی کمپنیوں کو چاہیے کہ وہ پاکستان میں مینوفیکچرنگ کے شعبہ میں سرمایہ کاری پر غور کریں کیونکہ پاکستان میں دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلہ میں کہیں زیادہ سستی افرادی قوت دستیاب ہے اور پاکستان کو کئی علاقائی منڈیوں تک آسان رسائی حاصل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان کم شرح سود پر قرضوں کی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہاہے جبکہ ملک میں انفراسٹرکچر کے قیام پر بھی عملدرآمد جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ آئی ایف سی کی شراکت سے انفراسٹرکچر بینک کے قیام سے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں مدد ملے گی ۔وزیر خزانہ نے کہاکہ حکومت پاکستان کو مالیات اور ڈیجیٹل کے شعبوں میں ترقی کے لئے پر عزم ہے ۔ تقریب میں جنرل انجینئرنگ ، بوئنگ ، لاک ہیڈ مارٹن، پراکٹر اینڈ گیمبل، مون سینٹو، ایکسن موبل، موٹرولا ، ابر، کوکاکولاسمیت کئی بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندگان نے بڑی تعداد میںشرکت کی اور پاکستان کی اقتصادی ترقی اور کاروباری شعبے میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے حکومت کی کوششوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :