کراچی میں رینجرز کی کارروائی، خاتون سمیت چار دہشت گرد ہلاک،4 اہلکار زخمی،خودکار اسلحہ، گولہ بارود اور ہینڈ گرنیڈ برآمد

منگل 25 اپریل 2017 13:43

کراچی میں رینجرز کی کارروائی، خاتون سمیت چار دہشت گرد ہلاک،4 اہلکار ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2017ء) پاکستان رینجرز سندھ نے کراچی کے علاقے اتحاد ٹائون میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم جماعت کے انتہائی مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔پہلے سے گرفتار دہشت گرد کی نشاندہی پر گذشتہ شب پاکستان رینجرز سندھ نے اردو بازار میں واقع گلی نمبر 3 کی ایک عمارت پر چھاپہ مارا۔ عمارت میں چھپے کالعدم جماعت کے دہشت گردوں نے رینجرز کو دیکھتے ہی گرنیڈز اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں رینجرز کے 4 اہلکار زخمی ہو گئے۔

ترجمان رینجرز کی جانب سے منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق رینجرز کی بھاری نفری نے عمارت کا محاصرہ کر لیا، عمارت میں موجود ایک خاتون سمیت چار دہشت گردوں نے خود کو ایک کمرے میں محصور کر لیا۔

(جاری ہے)

دہشتگردوں کے ساتھ تقریباً 7 گھنٹے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ اس دوران دہشت گردوں نے وقفہ وقفہ سے 3 دھماکے بھی کئے جبکہ فرار ہونے کی کوشش میں ایک دہشت گرد رینجرز اہلکاروں کی گولیوں کا نشانہ بنا اور باقی 3 دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

دھماکے کے نتیجے میں دہشت گردوں کے ساتھ موجود پانچ سالہ بچہ بھی جاں بحق ہوا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں خودکار اسلحہ، گولہ بارود اور ہینڈ گرنیڈ برآمد کئے گئے۔ ایک دہشت گرد کی شناخت محمد زاہد کے نام سے ہوئی ہے جبکہ باقی دہشت گردوں کے چہرے دھماکے میں مسخ ہونے کی وجہ سے ان کی فوری شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ کارروائی کے بعد عمارت کوکلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔