غیرملکیوں اور سفارتکاروں کیلئے سیکیورٹی فورم قائم

اجلاس میں امریکا، جرمنی، جاپان، برطانیہ، سوئٹزرلینڈ، چائنا، سعودی عرب، دبئی، قطر کے افسران کی شرکت

منگل 25 اپریل 2017 12:57

غیرملکیوں اور سفارتکاروں کیلئے سیکیورٹی فورم قائم
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2017ء) کراچی میں موجود غیر ملکی سفارتکاروں اور مشنوں کو فراہم کردہ سیکیورٹی انتظامات کے جائزے اور انھیں جدید تقاضوں کے مطابق بنانے کے لئے فارنرز اینڈ ڈپلومیٹک سیکیورٹی فورم قائم کردیا گیا ہے۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس کا فیصلہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹر میں مختلف ممالک کے سیکیورٹی افسران کے اجلاس میں کیا گیا جس میں محکمہ پولیس کی جانب سے حکومت سندھ کی ہدایت پر فراہم کی جانے والی سیکیورٹی سے متعلق انتظامات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

کمانڈنٹ سپیشل سیکیورٹی یونٹ مقصود احمد نے کہا کہ فارن مشنوں اور سفارتکاروں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لئے تمام پیشہ وارانہ اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے لاء اینڈ آرڈر کو بہتر بنانے اور دہشت گردوں کی کاروائیوں کو ناکام بنانے کے لئے اجتماعی طور پر ایک پیج پر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں حکومتی اداروں اور غیر ملکی مشنوں کے درمیان بہتر روابط کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

جرائم پیشہ افراد کے خلاف منظم کاروائی اور غیر ملکی سفارتکاروں اور مشنو ں کو بہتر سیکیورٹی فراہم کرنے پر حکومت سندھ کے اقدامات کو سراہا گیا۔ کمانڈنٹ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ مقصود احمد نے ایس ایس یو کے انتظامی نظام اور کمانڈوز کو فراہم کی جانے والی انسداد دہشت گردی کی پیشہ وارانہ تربیت کے بارے میں آگاہ کیا۔ فارن سیکیورٹی سیل کے ایس ایس پی حسیب افضل بیگ اور فارن آفس کے عدیل چانڈیو بھی اجلاس میں موجود تھے۔

شرکاء نے کمانڈنٹ ایس ایس یو مقصود احمد کے ہمراہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور ایس ایس یوکے پیشہ وارانہ معیار کی تعریف کی۔ کمانڈنٹ نے مزید بتایا کہ ایس ایس یو اعلیٰ تربیت یافتہ اور جدید اسلحہ سے لیس کمانڈوز پر مشتمل ہے ۔ یہاں خواتین کمانڈوز پر مشتمل ملک کی پہلی اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس (ایس ڈبلیو اے ٹی) ٹیم قائم کی گئی ہے ۔

یہ صریع الحرکت ٹیم چوبیس گھنٹے دہشت گردوں اورسماج دشمن عناصرکی جانب سے پیدا کی جانے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہتی ہے۔ کمانڈنٹ نے مزید بتایا کہ پاکستان آرمی کی جانب سے ایس ایس یوکے کمانڈوز کو پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ آخر میں شرکاء نے ایس ڈبلیو اے ٹی ٹیم کے کمانڈوز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف فرضی مشقوں کا مظاہرہ بھی دیکھا۔

شرکاء میں کارسٹن مولر قونصل اینڈ ڈپٹی ہیڈ آف مشن، ڈینس لیس زنسکی سیکیورٹی آفیسر اینڈ مارکس ہبنرسیکیورٹی آفیسر، اینڈرے گیباؤر، ڈرک اسکم، مائیکل بائیرلین، متھیاس کلی، فلورین گونر، سلویواسکوئن ڈیوب، مارکس اسکائیفر اینڈ سیباسٹیان رچٹر جرمنی، توشیاکی تسوچیا وائس قونصل اینڈ سیکیورٹی آفیسر اینڈیوکیومٹسوموٹووائس قونصل اینڈ سیکیورٹی آفیسر جاپان، محمد حسن قریشی مینجر سیکیورٹی اینڈ ایڈمنسٹریشن۔

سوئٹزرلینڈ; مہمت تنسل ڈیمر فیلڈ سیکیورٹی کوآرڈینیشن آفیسرسندھ اینڈ جائیچنگ چوئی فیلڈ سیکیورٹی کوآرڈینیشن آفیسر سندھ، یونائیٹڈ نیشنز ڈپارٹمنٹ آف سیفٹی اینڈ سیکیورٹی; سٹیو کراس مین ڈپٹی ہیڈآف مشن اینڈ میجر ریٹائرڈ پرویز اے منہاس ڈپٹی پوسٹ سیکیورٹی مینجر- برطانیہ; جان ہسلوپ سیکیورٹی آفیسر اینڈ کارٹر باس ڈپٹی ریجنل سیکیورٹی آفیسر- امریکہ ; گواوچن شوئی کمرشل قونصلر، زینگ ہاؤ قونصلر اتاشی، چائنا بکھیت عتیق الریمیتھی ایکٹنگ قونصلر جنرل دبئی قونصلیٹ -یواے ای; مبارک سعید المری، عزیز الرحمٰن آف قطر اور عیسیٰ عربی، عبدالحمید- سعودی عرب شامل تھے۔