جمیکا ٹیسٹ، پاکستان 407پر آل آﺅٹ ،مصباح الحق 99رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے

منگل 25 اپریل 2017 01:06

جمیکا ٹیسٹ، پاکستان 407پر آل آﺅٹ ،مصباح الحق 99رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے
جمیکا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار24اپریل ۔2017ئ) ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستان کی پوری ٹیم 407رنز پر ڈھیر ہوگئی ،کپتان مصباح الحق 99رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے ۔جمیکا میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں چوتھے دن کا کھیل شروع ہوا تو اسد شفیق 22رنز بنا کر گیبریئل کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے جکڑے گئے ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کپتان سرفراز احمد نے ٹیسٹ قائد مصباح الحق کے ساتھ مل کر سکور میں تیزی سے اضافہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کےلئے88رنز جوڑے ، اس دوران سرفراز نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 12ویں نصف سنچری بھی مکمل کرلی ، سرفراز 54رنز بنا کر بشو کی گیند پر بولڈ ہوئے، محمد عامر11، وہاب ریاض 9ا ور یاسر شاہ8رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔

محمد عباس 1رنز بنا کر روسٹن چیز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے تو مصباح کریز کی دوسری جانب 99رنز پر ناٹ آﺅٹ تھے۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 407رنز پر آل آﺅٹ ہوئی اور اسے ویسٹ انڈیزکیخلاف 121رنز کی برتری حاصل ہے۔ویسٹ انڈیز کے لیے گیبریئل اور جوزف نے تین ، تین جبکہ ہولڈر ،بشو اور روسٹن چیز نے ایک ، ایک وکٹ لی۔ اس سے قبل دوسرے دن کا کھیل تقریباً بارش کی نذر ہونے کے بعد تیسرے دن بھی خراب آﺅٹ فیلڈ کے سبب کھیل تاخیر شروع ہوا،ویسٹ انڈیز نے میچ کے تیسرے 279 رنز نو کھلاڑی آﺅٹ سے اننگز شروع کی تو آخری وکٹ سکور میں مزید محض 7 رنز کا اضافہ کر سکی اور پوری ٹیم 286 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

میزبان ٹیم ابتدا میں 71 رنز پر 5 وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار تھی لیکن روسٹن چیز نے 63، شین ڈاﺅرچ 56 اور کپتان جیسن ہولڈر نے ناقابل شکست 57 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو معقول سکور تک رسائی دلائی،پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے کیریئر کی بہترین باﺅلنگ کرتے ہوئے 44 رنز کے عوض چھ وکٹیں لیں جبکہ یاسر شاہ نے دو وکٹیں لیں،پاکستان نے پہلی اننگز کا آغاز کیا تو 23 کے مجموعے پر اظہر علی 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے،احمد شہزاد اور بابر اعظم نے سکور کو 54 رنز تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر شہزاد 31 رنز بنانے کے بعد حریف کپتان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔

اسکے بعد تجربہ کار یونس خان وکٹ پر پہنچے اور دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کےلئے 131رنز کا اضافہ کیا جسکے بعد یونس خان گیبریل کی سلو گیند جلدی کھیل بیٹھے اور 58رنز پر وکٹ گنوا دی ، بابر اعظم بھی گیبریل کے اگلے اوور میں 72رنز بنا کر بولڈ ہوگئے جسکے بعد کپتان مصباح الحق اور اسد شفیق نے محتاط انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو مزید کسی نقصان سے محفوظ رکھا اور جب سکور 201رنز ہوا تو امپائرز نے کم روشنی کے باعث کھیل ختم کرنےکا اعلان کردیا۔

مصباح اور اسد5،5رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں ۔یہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جا رہا 50واں ٹیسٹ میچ ہے جہاں باہمی مقابلوں میں پاکستان کو برتری حاصل ہے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ٹیسٹ کرکٹ میں 49 بار مدمقابل آئیں جس میں سے 18 میچز میں قومی ٹیم اور 16 میں ویسٹ انڈین ٹیم کامیاب رہی جبکہ 15 میچز ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوئے۔ کیریبئن سرزمین پر گرین کیپس کا ریکارڈ مایوس کن ہے جہاں 23 میچوں میں سے پاکستانی ٹیم صرف 5 میچ جیت سکی ہے جبکہ 11 میچوں میں اسے شکست کا کڑوا گھونٹ پینا پڑا، 7 میچ بے نتیجہ ختم ہوئے۔