مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے 4 برس شفافیت، خدمت اور دیانت کی گواہی دے رہے ہیں‘کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والے شفافیت کا لیکچر دینے سے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں‘ سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگانے والے ڈکٹیٹر کے حواریوں نے کرپشن کے سومنات بنائے، پنجاب بینک پر اربوں کا ڈاکہ ڈالا‘ پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں توانائی منصوبوں میں مجرما نہ غفلت برتی ،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف

پیر 24 اپریل 2017 23:26

مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے 4 برس شفافیت، خدمت اور دیانت کی گواہی دے رہے ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے 4 برس شفافیت، خدمت اور دیانت کی گواہی دے رہے ہیں۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے نہ صرف اربوں روپے کے وسائل منصوبوں میں بچائے ہیں بلکہ منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل ہوئے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کا دور شفافیت میں اپنی مثال آپ ہے اور عالمی ادارے بھی پاکستان میں کرپشن میں کمی کا برملا اعتراف کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.انہوں نے کہا کہ کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والے شفافیت کا لیکچر دینے سے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں۔

(جاری ہے)

ماضی کی حکومتو ںنے قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا اور ملک و قوم کے اہم ترین منصوبوں میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا جس کا خمیازہ آج بھی قوم بھگت رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگانے والے ڈکٹیٹر مشرف کے حواریوں نے پنجاب میں منصوبوں کے نام پر کرپشن کے سومنات بنائے اور پنجاب بینک پر اربوں کا ڈاکہ ڈالا جبکہ پیپلز پارٹی کے دور میں توانائی منصوبوں میں مجرما نہ غفلت برتی گئی۔ ایک جانب سابق حکمرانوں نے بجلی کے نام پر قوم سے گھنائونا کھیل کھیلا تو دوسری طرف دھرنوں اورلاک ڈائون کے ذریعے ملک کی ترقی اورخوشحالی کے خلاف ساز ش کی گئی جس سے معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے خلاف سازشیں کرنے والے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں اور ان عناصر نے پاکستان کو تباہ و برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔انہو ںنے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے چار برس شفافیت ،دیانت ،امانت اور خدمت کی اعلیٰ مثال ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں مختلف منصوبوں میں اربوں روپے کے قومی وسائل بچا کر عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کئے جا رہے ہیں۔ مخالف سیاسی عناصر کو یہ بات جان لینی چاہیے کہ عوام کا رکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیتے ہیں۔ الیکشن 2018ء میں باشعور عوام خدمت ،دیانت اور امانت کی سیاست کو پھر کامیاب کرائیں گے۔ ۔