Live Updates

قبل از وقت انتخابات یا وزیر اعظم کے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے کا کوئی امکان نہیں‘مخالفین جتنا مرضی زور لگا لیں 2018ء کے الیکشن میں (ن) لیگ کو دوتہائی اکثریت ملے گی‘ زرداری ساتھیوں سمیت کرپشن کے سمندر میں ڈوبے ہوئے ہیں‘ عمران خان نے سپریم کورٹ میں 7 مطالبات رکھے جو تمام مسترد ہو گئے‘ پاناما کیس میں جے آئی ٹی کی انویسٹی گیشن کو سپریم کورٹ براہ راست مانیٹر کریگا اس میں حکومت کا کوئی دخل نہیں،وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی پریس کانفرنس

پیر 24 اپریل 2017 23:23

قبل از وقت انتخابات یا وزیر اعظم کے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے کا ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2017ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ قبل از وقت انتخابات یا وزیر اعظم کے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے کا کوئی امکان نہیں‘مخالفین جتنا مرضی زور لگا لیں 2018ء کے الیکشن میں (ن) لیگ کو دوتہائی اکثریت ملے گی‘ مخالفین اقتدار کی ہوس میں اتنے اندھے ہوچکے ہیں کہ کوئی قومی سلامتی کے اداروں اور کوئی ججز کو متنازعہ بنانا چاہتا ہے جس کی قوم اجازت نہیں دیگی‘ آصف علی زرداری ساتھیوں سمیتکرپشن کے سمندر میں ڈوبے ہوئے ہیں اور اہل سندھ انہیں آسیب سمجھتے ہیں‘ عمران خان نے سپریم کورٹ میں 7 مطالبات رکھے جو تمام مسترد ہو گئے‘ پاناما کیس میں جے آئی ٹی کی انویسٹی گیشن کو سپریم کورٹ براہ راست مانیٹر کریگااس میں حکومت کا کوئی دخل نہیں۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو لاہور پریس کلب میں صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد اور صوبائی وزیر اوقاف زعیم قادری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاناما پیپرز میں 40 سے زائد ممالک کی مختلف شخصیات کاذکر کیا گیالیکن سب جانتے ہیں کہ اس کی قانونی حیثیت نہیں‘ پاکستان واحد ملک ہے جہاں پاناما کیس کی جوڈیشل پروسیڈنگ ہوئی اور وزیر اعظم نے اخلاقی طور پر خود کو احتساب کیلئے پیش کیالیکن قوم نے دیکھا کہ جتنے دن سپریم کورٹ میں کیس چلا مخالفین نے عدالت کے باہر دکان لگائی اور معزز ججز کے ریمارکس کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاناما کا فیصلہ آچکا ہے جس کے بارے میں فریقین باآواز بلند کہتے رہے کہ عدالت کا فیصلہ تسلیم کیا جائیگا لیکن فیصلہ آنے کے بعد مخالفین کی طرف سے براہ راست سپریم کورٹ کو ٹارگٹ کیا گیا اور آئی ایس آئی کے بارے میں بھی نازیبا زبان استعمال کی گئی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے مخالفین کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم پر تنقید ضرور کریں لیکن پاکستان کے اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش نہ کی جائے‘ آصف علی زرداری کی تقاریر کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری ساتھیوں سمیت کرپشن کے سمندر میں ڈوبے ہوئے ہیں اور مسلم لیگ(ن) یہ بات جانتی ہے کہ ان کے ساتھ کیا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی کو پنجاب میں آنے سے نہیں روکا لیکن ہمارے سندھ میں پیغام پہنچانے سے پی پی پی کو ضرور تشویش لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری عذیر بلو چ کے حوالے سے جواب دیں اور عمران خان اکبر بابر کے الیکشن کمیشن میں سوالات کا جواب دیں‘ مشال قتل کیس میں عمران خان نے قوم سے معافی کیوں نہیں مانگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مخالفین کی طرف سے ہونیوالا تمام کھیل تماشا 2018ء کے الیکشن سے پہلے لیگی قیادت کو داغدار کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی اتنی دھول اڑائی گئی کہ چیف جسٹس آف پاکستان کو ریمارکس دینا پڑے جس کے بعد مخالفین کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ صحافیوں کے ایک سوال کے جواب خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سی پیک کے بارے میں بھارتی وزیر اعظم کی تشویش تو سمجھ میں آتی ہے لیکن عمران خان اور آصف علی زرداری اسے کیوں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قبل از وقت انتخابات یا وزیر اعظم کے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے کا کوئی امکان نہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاناما کیس میں جے آئی ٹی کی انویسٹی گیشن کو سپریم کورٹ براہ راست مانیٹر کریگا‘ اس میں حکومت کا کوئی دخل نہیں۔ صوبائی وزیر زعیم حسین قادری نے کہا کہ آصف علی زرداری لوگوں کو چور کہنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں‘ ذوالفقار مرزا کے ان کے بارے میں بیانات آج بھی قوم کو یاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری سندھ ہائیکورٹ میں لاڑکانہ میں خرچ کئے گئے 90 ارب روپے کا بھی حساب دیں۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو ہمیشہ انتشار کی طرف لیجانے کی کوشش کی لیکن عوام انتشار نہیں چاہتی بلکہ خوشحالی اور استحکام چاہتی ہے‘ وہ لوگ جو غیر ملکی سرمایہ کاری کو روکتے ہیں ان کا ملک میں کوئی مستقبل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان 2018ء کا الیکشن نہیں لڑ سکیں گے کیونکہ وہ اکبر بابر کے کیس میں نااہل ہونے جارہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات