سندھ اسمبلی ،پاکستان کے مانہ ناز ٹیسٹ کرکٹر یونس خان کو ٹیسٹ کرکٹ میں 10ہزار رنز کا ریکارڈ مکمل کرنے پر مبارکباد

پیر 24 اپریل 2017 23:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2017ء) سندھ اسمبلی نے پیر کو پاکستان تحریک انصاف کے رکن خرم شیر زمان کی جانب سے پیش کردہ تہنیتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی ، جس میں پاکستان کے مانہ ناز ٹیسٹ کرکٹر یونس خان کو ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز کا ریکارڈ مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی گئی ہے ۔ سینئر وزیر پارلیمانی امور نثار کھوڑو نے بھی اس قرا رداد کی حمایت کی اور انہوں نے کہا کہ یونس خان ہمارا قومی ہیرو ہے ۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے کسی اور کھلاڑی نے 10 ہزار رنز نہیں بنائے ۔ انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر طنزیہ انداز میں کہا کہ یہاں ویسے تو بڑے بڑے آل راؤنڈر موجود ہیں اور بڑے بڑے دعوے کرنے والے کپتان بھی ہیں لیکن یونس خان جیسا ریکارڈ کوئی نہ بنا سکا ۔ انہوں نے کہا کہ یونس خان نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے ۔ ہماری تو یہ خواہش ہے کہ وہ ابھی مزید کرکٹ کھیلیں ۔ سینچریاں بنائیں اور پاکستان کا نام روشن کریں ۔ بعد ازاں ایوان نے متفقہ طور پر یہ قرار داد منظور کر لی ۔