نارا کینال سسٹم سے غیر قانونی آئوٹ لیٹس کے خلاف تفصیلی انکوائری کریں‘ وزیر اعلیٰ سندھ کی محکمہ آبپاشی کو ہدایت

پیر 24 اپریل 2017 22:55

نارا کینال سسٹم سے غیر قانونی آئوٹ لیٹس کے خلاف تفصیلی انکوائری کریں‘ ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2017ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ آبپاشی کو ہدایت کی ہے کہ وہ نارا کینال سسٹم سے غیر قانونی آئوٹ لیٹس کے خلاف تفصیلی انکوائری کریں اور اس سارے نظام میں پانی کی مناسب طریقے سے تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے پیر کو وزیر اعلی ہاؤس میں نارا کینال سسٹم میں باالخصوص پانی کی کمی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں ایم این ایز، میر منور تالپر، نواب یوسف تالپر، صوبائی وزراء ڈاکٹر سکندر میندھرو، امداد پتافی، ایم پی ایز علی مردان شاہ، میر حیات تالپر، سیکریٹری آبپاشی سید جمال شاہ و دیگر نے شرکت کی۔ ایم این اے نواب یوسف تالپر نے اجلاس میں واضح کرتے ہوئے کہا کہ جمرائو کینال میں چند غیر قانونی واٹر کورسز قائم ہیں۔

(جاری ہے)

اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ کسی بھی قیمت پر ناقابل قبول ہے، انہوں نے سیکریٹری آبپاشی کو ہدایت کی کہ اگر کوئی بھی غیر قانونی واٹر کورس پایا جائے تو اس کے خلاف انکوائر ی کر کے سخت کارروائی کرکے انہیں رپورٹ پیش کی جائے۔

سیکریٹری آبپاشی سید جمعہ شاہ نے کہا کہ نارا کینال سسٹم کو 2 سیکشن میں تقسیم کیا جاسکتا ہے بالائی نارا جو کہ سکھر بیراج اور جمرائو وائر کے درمیان واقع ہے اور یہ115 میل طویل ہے اور زیریں نارا جمرائو وائر سے نیچے ہے اور یہ 105میل طویل ہے۔ نارا کینال کی مجموعی لمبائی 220 میل بنتی ہے اور اس کی متوقع گنجائش 13602کیوسک ہے۔ نارا کینال سسٹم میں 6 دوسرے کینال مثلاً بالائی نارا، زیریں نارا ، جمرائو کینال ، ٹوئن جمرائو کینال، مٹھرائو کینال ، کھپرو کینال ہیں۔

واضح رہے کہ نارا کینال سسٹم سکھر بیراج میں 1932سے ہے۔ دریائے سندھ کے بہائو کی ریگورلیٹنگ اور بالائی نارا کے ذریعے نہروں کو پانی کی فراہمی کی جاتی ہے جوکہ خشک فصلوں یعنی کپاس اور گندم کی کاشت میں استعمال ہوتی ہے۔ نارا کینال کمانڈ کے بڑے حصے میں گندم اور کپاس کاشت کی جاتی ہے جبکہ ایسٹرن نارا کینال کے آخر میں مین حصے میں چاول کاشت کئے جاتے ہیں۔

سکھر بیراج کی تعمیر سے قبل نارا کینال ایک سیلابی چینل تھا جو کہ پرانے ہکڑو دریا کے کورس کو فالو کرتا تھا جسے 19 ویں صدی میں بند کر دیا گیا۔ سیکریٹری آبپاشی نے مزید کہا کہ نارا کینال ایریا واٹر بورڈ نے پانی کی مساوانہ تقسیم کے لئے سنجیدگی کے ساتھ کوششیں کی ہیں اور اس کے لئے ہر ایک کینال پر دن میں 2 مرتبہ ٹیل گیجیز کی ریکارڈنگ کی جاتی ہے۔

اسکے علاوہ ایگزیکٹو انجینیرز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ براہ راست آوٹ لیٹ روٹیشن پروگرام پر نگاہ رکھیں اور مکمل نظام میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سیکریٹری آبپاشی کو ہدایت کی کہ وہ پانی کی بہتر طریقے سے تقسیم کو یقینی بنائیں تاکہ تمام نارا کینال سسٹم کے آبادگاروں کو پانی حاصل ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :