پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیورز ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ذمہ داری کے ساتھ گاڑی چلائیں سی ٹی او راولپنڈی یوسف علی شاہد

پیر 24 اپریل 2017 22:55

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2017ء) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی یوسف علی شاہدنے کہا ہے کہ پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیورحضرات پر دورانِ ڈرائیونگ مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ڈرائیور کی ذراسی غلطی، لاپرواہی ، غفلت اور ٹریفک قوانین و روڈسیفٹی قوانین سے لاعلمی خدانخواستہ کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے لہذاء پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیورز ذمہ داری کے ساتھ ٹریفک قوانین پر عمل کرتے ہوئے گاڑی چلائیں اور ٹریفک پولیس کی طرف سے جاری کی گئیں ہدایات پر عمل کریں تاکہ مسافروں کے سفر کو محفوظ او ر خوشگوار بنایا جا سکے ۔

اس امر کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز ٹریفک ہیڈ کوارٹرزمیں پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیور حضرات کے حوالے سے منعقدہ’’ روڈ سیفٹی و ٹریفک قوانین آگاہی‘‘ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سی ٹی او نے پی ایس وی ڈرائیورز کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ خواتین مسافر کا احترام آپ سب پر لازم ہے،ا نسانیت کی قدر کریں اور اوور لوڈنگ نہ کریں، سواری بیٹھاتے یا اتارتے وقت گاڑی کواس طرح کھڑا کریں جس سے دوسری ٹریفک کسی صورت بلاک نہ ہو ،غلط پارکنگ نہ کریں، تیز رفتاری اور خطرناک ڈرائیونگ پر سخت پابندی ہے اس کے نقصانات کو سمجھیں اور عمل کریں، بار بار اور بغیر سٹاپ کے گاڑی کو کھڑا مت کریں ،صرف تربیت یافتہ اور ڈرائیونگ لائسنس ہولڈر ہی ڈرائیور گاڑی کو چلائیں،مسافروں سے بدتمیزی نہ کریں، زائد کرایہ وصولی یا روٹ کی خلاف ورزی بھاری جرمانے کا سبب بنتی ہے لہذاء اپنے بچوں یا خاندان کا پیٹ پالنے کے لئے ضروری ہے کہ آپ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں نہ کریں تاکہ جو دن بھر آپ نے محنت سے کمایا ہے وہ چالان و جرمانے کی نذر نہ ہو۔

لہذاء عقل مندی اور سمجھ داری کا مظاہرہ کریں ، کیونکہ آپ سب نے اپنی روزی کمانے کے لئے روٹ پرمٹ کے مطابق متعلقہ شاہرائو ں پر دن بھر گاڑی چلانی ہوتی ہے آپ لوگوں کو ٹریفک پولیس سے زیادہ واسطہ پڑتا ہے اور ٹریفک قوانین و روڈ سیفٹی قوانین پر عمل کرنا ہوتا ہے لہذاء ٹریفک قوانین کا احترام اور ٹریفک پولیس کی طرف سے دی گئیں ہدایات پر مکمل عمل درآمد کرنا آپ سب کی ذمہ داری ہے سی ٹی او راولپنڈی نے کہاکہ اپنے ساتھی ڈرائیوروں کو بھی آپ لوگ ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کے فوائد سے آگاہ کریںکیونکہ آپ سب لوگ مہذب معاشرے سے تعلق رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :