Live Updates

ہم کھوکھلے نعروں کی بجائے عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ، وزیراعلی محمد شہباز شریف نے صوبے کے باصلاحیت اور ہونہار نوجوانوں کے لئے ترقی کے در کھول دیئے ہیں، چیئر مین میٹرو بس محمد حنیف عباسی مقابلہ مصوری کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب

پیر 24 اپریل 2017 22:55

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2017ء) چیئر مین میٹرو بس و سٹیرنگ کمیٹی پنجاب سپورٹس بورڈ محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ہم کھوکھلے نعروں کی بجائے عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ۔ ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر مخالفین سے بہت آگے ہیں ۔ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبے کے باصلاحیت اور ہونہار نوجوانوں کے لئے ترقی کے در کھول دیئے ہیں اور ہر شعبہ زندگی میں میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر ٹیلنٹ گلی محلے کی سطح سے قومی سطح پر متعارف ہو رہا ہے جو موجودہ حکومت کی شفافیت اور عوام دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

انہوں نے یہ بات ایڈیشنل کمشنر راولپنڈی طارق محمود طارق ، ریذیڈنٹ ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل وقار احمد اور ناہید منظور کے ہمراہ چیف منسٹر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام’’ بنو پاکستان کی پہچان‘‘ مقابلہ مصوری راولپنڈی ڈویژن کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

تقریب میں آفتاب احمد ، سید نجم الحسن کاظمی اور پروفیسر تسنیم عباس نے منصفین کے فرائض سر انجام دیئے جس کے متفقہ فیصلے کے مطابق عاصمہ بی بی نے ڈویژنل سطح پر مقابلہ مصوری جیت کر ڈیڑھ لاکھ روپے کا پہلا انعام حاصل کیا ۔

سونم نواز نے دوسری پوزیشن حاصل کر کے ایک لاکھ روپے اور شمائلہ نے تیسری پوزیشن حاصل کر کے 75 ہزار روپے کا نقد انعام حاصل کیا ۔ اس کے علاوہ چوتھے اور دسویں نمبر تک آنے والے مقابلے کے شرکاء کو دس ، دس ہزار روپے کے حوصلہ افزائی کے انعامات دیئے گئے ۔ معروف سنگر مبشرہ حفیظ نے مختلف زبانوں میں خوبصورت گیت پیش کر کے حاضرین کے دل موہ لئے ۔

معروف آرٹسٹ مسعود خواجہ نے اپنی عمدہ پرفارمنس سے محفل کی رونق دوبالا کی ۔ چیف منسٹر ٹیلنٹ ہنٹ مقابلہ موسیقی کی کامیاب نابینا سنگر نے بھی خوبصورت نغمے پیش کئے ۔ حنیف عباسی نے اپنے خطاب میں آرٹس کونسل کے بہترین انتظام اورخدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی اور ترقیاتی کاموںمیں پشاور ، کوئٹہ اور کراچی کوئی بھی شہر راولپنڈی کا ہم پلہ نہیں اور ہم نے تعلیم ، صحت ، سپورٹس اور دیگر شعبوں میں اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبے مکمل کر کے ایک مثال قائم کی ہے اور جن کی بدولت راولپنڈی کے شہری مستفید ہو رہے ہیں ۔

اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر راولپنڈی طارق محمود طارق نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں بہترین کارکردگی سامنے آئی ہے اور مقابلے کے کامیاب شرکاء اپنے شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کریںگے ۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات