لاہور سمیت صوبے بھرمیں امن وامان کی صورتحال ناگفتہ بہ ہے‘میاں مقصود احمد

تھانوں میں حق دارکو انصاف ملنا تودورشنوائی تک نہیں ہوتی‘ امیرجماعت اسلامی پنجاب

پیر 24 اپریل 2017 22:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2017ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہا ہے کہ لاہور سمیت صوبے بھر میں ناقص امن وامان کی صورتحال تشویشناک ہے، آئے روزلاکھوں روپوں کے ڈاکے،چوریاں اور قتل وغارت گری کی خبریں شہ سرخیوں کی صورت میں اخبارات میں آتی رہتی ہیں مگر قانون نافذکرنے والے ادارے،سیکیورٹی ایجنسیاں اور پولیس صوبے میں بڑھتی ہوئی جرائم کی شرح کوروکنے میں پوری طرح ناکام ہوچکے ہیں، پولیس کی وردیاں بدلنے سے تھانہ کلچر میں بہتری نہیں آسکتی۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے منصورہ میںعوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ سال ملک میں 6لاکھ33ہزار600 فوجدار ی مقدمات درج ہوئے جن میں پنجاب میں3لاکھ83ہزارشامل ہیں جوکہ حکمرانوں کی گڈگورننس پر سوالیہ نشان ہیں۔

(جاری ہے)

ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت جرائم کوکنٹرول کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات کرے۔تھانے جرائم پیشہ عناصر کی آماہ جگاہ بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پوراصوبہ لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔رشوت خوری کے باعث اصل حق دار کو انصاف ملنا تو درکناراس کی شنوائی تک نہیں ہوتی۔صوبے کی10کروڑعوام کا مطالبہ ہے کہ حکومت امن وامان کویقینی بنائے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ ملک میں کرپشن،رشوت خوری اورلوٹ مارکی وجہ سے عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ صوبے میں میرٹ نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔

کرپٹ عناصر کومنظم پلاننگ کے تحت اہم اداروں میں بھرتی کیاجارہا ہے۔جب تک اداروں سے رشوت خوری کاخاتمہ اور تھانہ کلچر میں اصلاحات نہیں لائی جاتیں فرسودہ نظام کا خاتمہ ممکن نہیں۔عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت وقت کی اولین ذمہ داری ہے مگر بدقسمتی سے اس حوالے سے اقدامات نہیں کیے جارہے۔لوگوں کو جرائم پیشہ عناصر کے رحم وکرم پر چھوڑدیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :