ریلویز مالی سال میں مقرر کردہ 36ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 40ارب روپوں سے زائد کمائیگا' خواجہ سعد رفیق

پاکستان ریلویز اہداف سے بڑھ کر کارکردگی اور آمدن کا سلسلہ نہ صرف برقرار رکھے گا بلکہ آنے والے مالی برس 2017-18کے لیے ہم آمدن کے نئے اہداف مقرر اورچھونے کے لیے نئے آسمان تلاش کریں گی' وزیر ریلویز کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

پیر 24 اپریل 2017 22:00

ریلویز مالی سال میں مقرر کردہ 36ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 40ارب روپوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2017ء)وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز جون میں مکمل ہونے والے مالی سال میں مقرر کئے گئے 36ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 40ارب روپوں سے زائد کمائے گا، پاکستان ریلویز اہداف سے بڑھ کر کارکردگی اور آمدن کا سلسلہ نہ صرف برقرار رکھے گا بلکہ آنے والے مالی برس 2017-18کے لیے ہم آمدن کے نئے اہداف مقرر اورچھونے کے لیے نئے آسمان تلاش کریں گے۔

ریلویز ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 2012-13میں 20ارب روپے آمدن کے ہدف کے مقابلے میں محض 18ارب روپے کمائے گئے مگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہونے اور ریلوے میں ایماندار اور محنتی افسران کوذمہ داریاںدینے کے بعد 2013-14میں 21ارب 60کروڑ کے ہدف پر 23ارب روپے ، 2014-15میں 28ارب کے ہدف پر 32ارب روپے اور 2015-16میں 32ارب کے ہدف پر 36ارب 58کروڑ روپے ادارے نے کمائے۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اس برس تمام اعدادو شمار ظاہر کررہے ہیں کہ پاکستان ریلویز 40ارب سے زائد کمائے گا اور اگلے مالی برس کے لیے ہم اپنا ہدف وہ رکھیں گے جو سب کو حیران کردے گا۔ خواجہ سعد رفیق نے چیئرپرسن ریلویز مسز پروین آغا، چیف ایگزیکٹوآفیسرمحمدجاوید انور، مشیر ریلویز انجم پرویز، ممبرفنانس غلام مصطفی سمیت پوری ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اپنے ذاتی کاروبار ، جائیدادیںاور اثاثے بناتے ہیں مگرمیری ٹیم نے ان تین ، چار برسوں میں قومی ادارے کی تعمیر کی ہے ۔ ہمیں یقین ہے کہ مورخ اس کارکردگی کو نظرانداز نہیں کرسکے گا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ادارے میں نئی زندگی کی لہر دوڑ گئی ہے اور اب پاکستان ریلویز بدھ کے روز اپنے مسافروں کو ایک نیا تحفہ دے گا۔