وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹیکس فورس میجر جنرل مسرت نواز ملک کی ملاقات

معاشرے خصوصاً نوجوان نسل کو منشیات کی عفریت سے بچانے کے لئے زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار اور معاشرے کے ہر فرد کو مہم کا حصہ بنایا جائے، موثر بارڈر کنٹرول مینجمنٹ خصوصاً مغربی سرحدوں پر حفاظتی باڑ کی تنصیب سے منشیات کی ترسیل کی موثر روک تھام میں خاطر خواہ مدد ملے گی، چوہدری نثار علی خان

پیر 24 اپریل 2017 18:52

وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹیکس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2017ء) وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹیکس فورس میجر جنرل مسرت نواز ملک نے ملاقات کی ۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیرِ داخلہ نے میجر جنرل مسرت نواز ملک کو بطور ڈی جی اے این ایف تعیناتی اور عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ ڈی جی اے این ایف نے وزیرِ داخلہ کو ادارے کی کارکردگی ، منشیات کی روک تھام کے حوالے سے حکمت عملی اور متاثرہ افراد کی بحالی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔

وزیرِ داخلہ کی جانب سے اے این ایف کو وفاقی اور صوبائی سطح پر ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ معاشرے خصوصاً نوجوان نسل کو منشیات کی عفریت سے بچانے کے لئے ضروری ہے کہ اس سلسلے میں زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کرتے ہوئے متعلقہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد کے ساتھ ساتھ معاشرے کے ہر فرد اور ہر طبقے کو اس مہم کا حصہ بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی دوسرے ملک کی پیداوار کے ایک بڑے حصے کی پاکستان کے راستے ترسیل نہ صرف ملک کے لئے بد نامی کا باعث ہے بلکہ اس سے معاشرے پر سنگین منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ موثر بارڈر کنٹرول منیجمنٹ خصوصاً مغربی سرحدوں پر حفاظتی باڑ کی تنصیب سے منشیات کی ترسیل کی موثر روک تھام میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ منشیات سے جڑی معیشت کے حجم اور اس میں ملوث بین الاقوامی مافیا زاور نیٹ ورک نے اس مسئلے کے حل کومزید پیچیدہ اور گمبھیر بنادیا ہے ۔ انفرادی کوششو ں کے ساتھ ساتھ اجتماعی کاوشوں اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں مربوط اور منظم کوششوں کی ضرورت ہے ۔