وزیرداخلہ سے ڈی جی اینٹی نارکوٹیکس فورس میجر جنرل مسرت نواز ملک کی ملاقات ،ْ

چوہدری نثار علی خان کی وفاقی اور صوبائی سطح پر ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی نوجوان نسل کو منشیات کے عفریت سے بچانے کیلئے زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کرکے متعلقہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد کے ساتھ معاشرے کے ہر فرد اور ہر طبقے کو مہم کا حصہ بنایا جائے ،ْ چوہدری نثار علی خان کی گفتگو

پیر 24 اپریل 2017 18:44

وزیرداخلہ سے ڈی جی اینٹی نارکوٹیکس فورس میجر جنرل مسرت نواز ملک کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2017ء) وزیر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹیکس فورس میجر جنرل مسرت نواز ملک نے ملاقات کی ۔وزیر داخلہ نے میجر جنرل مسرت نواز ملک کو بطور ڈی جی اے این ایف تعیناتی اور عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ملاقات کے دور ان ڈی جی اے این ایف نے وزیر داخلہ کو ادارے کی کارکردگی ، منشیات کی روک تھام کے حوالے سے حکمت عملی اور متاثرہ افراد کی بحالی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر وزیر داخلہ کی جانب سے اے این ایف کو وفاقی اور صوبائی سطح پر ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ معاشرے اور خصوصا نوجوان نسل کو منشیات کی عفریت سے بچانے کے لئے ضروری ہے کہ اس سلسلے میں زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کرتے ہوئے متعلقہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد کے ساتھ ساتھ معاشرے کے ہر فرد اور ہر طبقے کو اس مہم کا حصہ بنایا جائے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے کہاکہ کسی دوسرے ملک کی پیداوار کے ایک بڑے حصے کی پاکستان کے راستے ترسیل نہ صرف ملک کے لئے بد نامی کا باعث ہے بلکہ اس سے معاشرے پر سنگین منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ موثر بارڈر کنٹرول مینجمنٹ اور خصوصا مغربی سرحدوں پر حفاظتی باڑ کی تنصیب سے منشیات کی ترسیل کی موثر روک تھام میں خاطر خواہ مدد ملے گی انہوںنے کہاکہ منشیات سے جڑی معیشت کے حجم اور اس میں ملوث بین الاقوامی مافیا زاور نیٹ ورک نے اس مسئلے کے حل کومزید پیچیدہ اور گھمبیر بنادیا ہے ۔ انفرادی کوششو ں کے ساتھ ساتھ اجتماعی کاوشوں اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں مربوط اور منظم کوششوں کی ضرورت ہے ۔