قائم مقام سپیکر کا کوکل برسین حویلیا ں میں سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح

عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پسماندہ علاقوں کی ترقی مسلم لیگ (ن)کی حکومت کی اولین تر جیحات میں شامل ہے،مرتضیٰ جاویدعباسی

پیر 24 اپریل 2017 18:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2017ء) قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پسماندہ علاقوں کی ترقی مسلم لیگ (ن)کی حکومت کی اولین تر جیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہار حویلیاں میںکوکل برسین کے مقام پر سوئی گیس فرہمی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ ،عوامی نمائندوںکے علاوہ عمائدین علاقہ اور اہل علاقہ کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔یہ منصوبہ 23کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہو گا اور اس سے علاقے کے کئی دیہاتوں کو گیس فراہم کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

قائم مقام سپیکر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے کوشاں ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی غربت ، بے روز گاری ، پسماندگی اور اندھیروں کے خاتمے کے لیے ترجیی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔

انھوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو حق اور سچ کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پر احتجاج کرنے والے ملک کی ترقی کے دشمن ہیں انھوں نے مزید کہا کہ الیکشن میں کیے گئے وعدے پایہ تکمیل کو پہنچ رہے ہیںاور کوکل برسین کو گیس کی فراہمی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے حویلیاں میں 250بستروں پر مشتمل ہسپتال کی منظوری دے دی ہے جس پر کام کا جلد آغاز ہوگا ۔

اس موقع پر دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام سپیکر کو مسلم لیگ (ن)خیبر پخنوخواہ کا جنرل سیکرٹری کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے علاقے کی تر قی کے لیے ان کی خدمات کو سراہا اور وزیر اعظم نواز شریف اور مسلم لیگ (ن)کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہا رکیا ۔انہوں نے کہا کہ کوکل برسین کو گیس کی فراہمی اہل علاقہ کا ایک دیر ینہ مطالبہ تھا جس کا قائم مقا م سپیکر نے افتتاح کر کے پورا کر دیا ہے ۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ انجینر امیر مقام اور مرتضیٰ جاوید عباسی کی قیادت میں صوبے میں مسلم لیگ (ن)پہلے سے زیاد ہ اور مضبوط اور فعال جماعت بن کر ابھرے گی ۔قبل ازیں حویلیاں پہنچے پر قائم مقام سپیکر کا شاندار استقبال کیا گیا اور انہیں درجنوں گاڑیوں کے جلو س میں کوکل برسین لے جایا گیا جہاں پر انہوں نے گیس فراہمی منصوبے پر افتتاح کیا ۔

متعلقہ عنوان :