پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کا اجلاس،28اپریل کے جلسے اور احتجاجی تحریک پر تفصیلی مشاورت

نواز شریف مستعفی نہ ہوئے تو عوام دوبارہ سڑکوں پر آنے میں دیر نہیں کریں گے‘صدرتحریک انصاف سنٹرل پنجاب عبدالعلیم خان

پیر 24 اپریل 2017 17:52

پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کا اجلاس،28اپریل کے جلسے اور احتجاجی تحریک پر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2017ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب ریجن کے 9اضلاع کا اہم تنظیمی و مشاورتی اجلاس چیئرمین سیکرٹریٹ میں صدر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پاناما کیس کے فیصلے کے بعد کی صورتحال ،28اپریل کے اسلام آباد کے جلسے اور احتجاجی تحریک کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اجلاس میں طے پایا کہ پارٹی قیادت کی ہدایات کے مطابق سنٹرل پنجاب کے ہر ضلع سے اس تحریک میں بھرپور شرکت کی جائے گی اور کرپشن کے خلا ف پارٹی کی منطقی جدوجہد کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے کسی اقدام سے گریز نہیں کیا جائے گا جبکہ پارٹی کے تمام ونگز اپنے اپنے ٹاؤنز کی سطح پر بھرپور شمولیت کریں گے ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک بھر میں وزیر اعظم کے استعفے کیلئے ریلیوں اور احتجاج کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے وکلاء سے لے کر ہر شعبہ ہائے زندگی اور سول سوسائٹی مطالبہ کر رہی ہے کہ سپریم کورٹ کی طرف سے فرد جرم عائد ہونے کے بعد نواز شریف کا کرسی سے چمٹے رہنا کسی طور بھی درست نہیں اور اگر اب بھی وہ مستعفی نہ ہوئے تو عوام دوبارہ سڑکوں پر آنے میں ہر گز دیر نہیں کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر شہری کرپشن اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا چاہتا ہے اور واضح ہو گیا ہے کہ نواز شریف اور ان کے بچے قومی دولت لوٹنے میں ملوث ہیں ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹو گینگ اب قطری خطوط میں پکوڑے اور جلیبیاں بیچے کیونکہ عدالت نے انہیں ردی کے کاغذقرار دے دیا ہے دوسروں پر انگلیاں اٹھانے والوں کو اب اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ دن بدن نوا زلیگ کے لئے مشکلات بڑھ رہی ہیں اور خدشہ یہ ہے کہ نواز شریف اپنے ساتھ سسٹم کو بھی لپیٹ دیں گے اجلاس میں ضلع وار پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو موجود ہ سیاسی صورتحال کے مطابق ذمہ داریاں تفویض کی گئیں ۔پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے اجلاس میں گجرانوالہ ، سیالکوٹ ،نارووال ،منڈی بہاؤ الدین ، گجرات ،شیخوپور ہ ،ننکانہ صاحب ،حافظ آباد اور قصور کے اضلاع سے ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز صاحبان نے شرکت کی اور موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے اپنے اپنے اضلاع سے احتجاجی تحریک میں بھرپور شرکت کا یقین دلایا اجلاس میں ندیم ہارون ،فلک شیر رانجھا، ندیم نثار ،عارف خان، احمد چٹھہ ،چوہدری الیاس، حاجی امتیازاورارشد ساہی نے اظہار خیال کیا جبکہ پی ٹی آئی لاہور رورل کے صدر ظہیر عباس کھوکھر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :