پاناما پیپر کیس جے ٹی آئی کی تحقیقات کے بعد مکمل طور پر بند ہو جائے گا ،ْطارق فضل چوہدری

وزیر اعظم محمد نواز شریف سے استعفیٰ لینے کی تحریک انصاف کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی ،ْوزیرمملکت کا انٹرویو

پیر 24 اپریل 2017 17:33

پاناما پیپر کیس جے ٹی آئی کی تحقیقات کے بعد مکمل طور پر بند ہو جائے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2017ء) وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاناما پیپر کیس جے ٹی آئی کی تحقیقات کے بعد مکمل طور پر بند ہو جائے گا۔ ایک انٹرویومیں انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما پیپرز کیس پر فیصلہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے حق میں ہے اور جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی)کی تحقیقات کے بعد کیس مکمل طور پر بند ہو جائیگا۔

(جاری ہے)

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے اور اس بات کا واضح ثبوت حال ہی میں تلہ گنگ میں ہو نے والے ضمنی انتخابات ہیں جس میں لوگوں نے (ن) لیگ کے امیدوار کو ووٹ دے کو واضح کامیابی دلائی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں پیپلز پارٹی پر بھی کرپشن کے مقدمات قائم کئے گئے ان میں سے کوئی بھی کیس مسلم لیگ (ن) کی جانب سے درج نہیں کرایا گیا۔

پاناما پیپرز فیصلے کے حوالے سے انھوں نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما پیپرز کے فیصلہ کو پی ٹی آئی نے پہلے دن قبول کیا جبکہ دوسرے دن احتجاج کرنا شروع کر دیا ۔وزیر مملکت کیڈ نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف سے استعفیٰ لینے کی تحریک انصاف کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔