کینٹ کی حدود میں مردم شماری مہم (کل) شروع ہوگی،سیکرٹری آر سی بی

پیر 24 اپریل 2017 17:28

راولپنڈی24اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2017ء) کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کی حدود میں مردم شماری کا آغاز (کل) منگل سے ہوگا جس کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو کہ مختلف حلقوں میں فوج اور پولیس کے تعاون سے کام کریں گی۔ مردم شماری مہم کیلئے 314 افراد کی تعیناتی کی گئی ہے جن میں بیشتر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے افسران و ملازمین شامل ہیں۔

سیکرٹری آر سی بی قیصر محمود نے پیر کو "اے پی پی"کو بتایا کہ مردم شماری2017ء مہم کے دوسرے مرحلے میں شامل کینٹ بورڈ کی حدود میں (آج) منگل سے ٹیمیں گھر گھر جا کر شہریوں کا ڈیٹا اکٹھا کریں گی جن میں8 چیف سپرنٹنڈنٹ ،56 سرکل سپرنٹنڈنٹ اور 220 بلاک شمارکنندگان دفاتر میں اپنے فرائض سر انجام دیں گے جبکہ فیلڈ سٹاف میں 9 چیف سپرنٹنڈنٹ، 63 سرکل سپرنٹنڈنٹ اور 242 بلاک شمار کنندگان کام کریں گے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری آر سی بی کے مطابق کینٹ کی حدود میں 56 سرکلز اور 439 بلاکس بنائے گئے ہیں جہاں مردم شماری کی ٹیمیں کام کریں گی جبکہ تمام ٹیموں کو مردم شماری کی تربیت دی گئی ہے۔مردم شماری کے دوران مشکلات اور شکایات کے ازالے کے لئے شکایات ڈیسک 27اپریل کو رالپنڈی کنٹونمنٹ بورڈکے کنٹرول روم میں قائم کیا جائے گا ۔کسی بھی قسم کی شکایات کے لئے 111-070707,051-9274409,Ext:205 نمبروں پر رابطہ کیا جا سکتاہے۔قیصر محمود کا کہنا ہے کہ مردم شماری مہم میں کام کرنے والے افراد اور فوجی جوانوں کو ٹرانسپورٹ،رہائش اور دیگر ضروری سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :