پاکستان اور مالدیپ کے درمیان سیاحت، تعلیم، ثقافت، اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون کے بڑے امکانات ہیں، پاکستان مالدیپ کے طلباء کو ترقیاتی مواقع و تربیت جاری رکھے گا

وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کی مالدیپ کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد عاصم سے گفتگو

پیر 24 اپریل 2017 17:17

پاکستان اور مالدیپ کے درمیان سیاحت، تعلیم، ثقافت، اور کھیلوں کے شعبوں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2017ء) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان سیاحت، تعلیم، ثقافت، اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون کے بڑے امکانات ہیں، پاکستان مالدیپ کے طلباء کو ترقیاتی مواقع و تربیت جاری رکھے گا۔ پیر کویہاں مالدیپ کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد عاصم کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص تعلیم اور ثقافت کے شعبہ میں تعاون سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔

(جاری ہے)

مالدیپ کے وزیر خارجہ جو پاکستان کے چار روزہ سرکاری دورے پر یہاں آئے ہوئے ہیں، سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں جو باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک نے دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بالخصوص اعلیٰ سطحی روابط کے ذریعے مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال اور سارک کے امور بھی زیر غور آئے۔ مالدیپ کے وزیر خارجہ نے مختلف مواقع پر اپنے ملک اور عوام کی مدد پر پاکستان کی حکومت کی تعریف کی۔