پانامہ کیس کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، جے آئی ٹی میں اپنی بے گناہی ثابت کریں گے، پہلے بھی تمام اداروں کا احترام کیا اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے، مخالفین کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی،کاشتکاروں سے مقررہ نرخوں پر گندم کا ایک ایک دانہ شفاف طریقے سے خریدا جائے گا،صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور کا گندم خریداری مرکز پرکاشتکاروں میں بار دانہ کی تقسیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب ومیڈیا سے بات چیت

پیر 24 اپریل 2017 16:57

پانامہ کیس کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، جے آئی ٹی میں اپنی بے گناہی ..
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2017ء) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ حکومت آئین و قانون کی بالا دستی پر یقین رکھتی اور پانامہ کیس کے فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے ،جے آئی ٹی میں اپنی بے گناہی ثابت کریں گے، سپریم کورٹ کے پانامہ کیس سے متعلق فیصلہ کو متنازعہ بنانے کی سازش سمیت ججز اور عسکری اداروں پر بلا جواز تنقید کرنیوالے بیرونی قوتوں کو خوش کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، انہیں پہلے بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اور آئندہ بھی وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے،پہلے بھی تمام اداروں کا احترام کیا اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

پیر کی دوپہر راجباہ روڈ فیصل آباد پرگندم خریداری مرکز میں کاشتکاروں میں بار دانہ کی تقسیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوںنے کہا کہ مخالفین کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی لیکن انہیں جان لینا چاہیے کہ مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابا ت بھی کارکردگی کی بنیاد پر جیتے گی،انہوںنے کہا کہ ہمارے قائدین واضح کر چکے ہیں کہ ہمیں پہلے بھی سپریم کورٹ پر مکمل اعتماد تھا اور اب بھی وہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ من و عن تسلیم کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ موجودہ حالات میں جہاں ملک اہم دوراہے پر کھڑا ہے اور آپریشن ضرب عضب کے بعد آپریشن رد الفساد بھی بھر پور طریقے سے جاری ہے وہاں ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری قوم ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر یکجا و یک زبان ہو جائے۔ انہوںنے کہا کہ بعض بیرونی قوتوں کو پاکستان کی ترقی اور اندرونی استحکام و امن ایک آنکھ نہیں بھا رہا اور وہ اپنے ایجنٹوں کے ذریعے بد امنی و افرا تفری پھیلانے کی سازشوں میں مصروف ہیں لیکن پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح ان کے سامنے کھڑی ہے،انہوںنے کہاکہ جمہوریت کاا ستحکام ہی پاکستان کی حقیقی ترقی کا ضامن ہے اور 2018ء کے بعد بھی ملک میں مسلم لیگ (ن) کی ہی حکومت ہو گی،انہوںنے کہا کہ حکومت زرعی ترقی کی جانب بھی اولین ترجیح کے طور پر بھر پور توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے جس کیلئے کسان پیکج کے اربوں روپے کے فنڈز کے اجراء سمیت گندم کی رواں خریداری مہم کے دوران 130ارب روپے سے زائد مالیت کی 40لاکھ میٹرک ٹن گندم 1300روپے فی 40کلو گرام کے حساب سے خریدنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ،اس ضمن میں صوبہ بھر میں 382خریداری مراکز قائم کئے گئے ہیں جو تعطیلات کے روز بھی کھلے رہیں گے،انہوںنے کہا کہ کاشتکاروں سے براہ راست گندم کی خرید کو ترجیح دی جائے گی اور مڈل مین کی حوصلہ شکنی کو یقینی بنایا جائے گا،انہوںنے کہا کہ گندم کی خریداری مہم برائے سال 2017-18ء کے سلسلہ میں زمینداروں و کسانوں کو باردانہ کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے اوررواں سال فیصل آباد ڈویژن سے 5لاکھ 400میٹرک ٹن جبکہ ضلع فیصل آباد میں ایک لاکھ 49ہزا ر میٹرک ٹن گندم 11مراکز پر 1300روپے فی من کے حساب سے خرید ی جا رہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ ایک زمیندار کو ایک دفعہ زیادہ سے زیادہ 200بوری پٹ سن اور 400پی پی تھیلا جاری کیا جائے گا، گندم میں نمی فیئر ایوریج کوالٹی( ایف اے کیو) 10فیصد سے زائد قبول نہیں کی جائے گی جبکہ نمی جانچنے کیلئے تمام سنٹرز پر نمی بتانے والے میٹرز کی سہولت بھی موجود ہو گی،انہوںنے کہا کہ اگر کسی زمیندار کو بار دانہ کی تقسیم یا گندم کی خریداری میں کوئی شکایات ہوں تو وہ شکایت سنٹر پر بلا جھجک اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں جس کا فوری ازالہ کیا جائے گا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر فیصل آباد ، ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اور محکمہ خوراک کے دیگر افسران سمیت کاشتکار و زمینداربھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :