سی پیک کی وجہ سے آئندہ پندرہ سالوں میں پاکستانی معیشت کا شمار دنیا کی68 ممالک کی فہرست میں 25ویں نمبر پر ہوگا،ایف پی سی سی آئی

پیر 24 اپریل 2017 15:24

سی پیک کی وجہ سے آئندہ پندرہ سالوں میں پاکستانی معیشت کا شمار دنیا کی68 ..
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2017ء) وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ سی پیک کی وجہ سے آئندہ پندرہ سالوں میں پاکستانی معیشت کا شمار دنیا کی سرفہرست معیشت کے حامل 68 ممالک کی فہرست میں 25ویں نمبر پر ہوگا جبکہ معیشت کے ساتھ ساتھ زراعت بھی ترقی کرے گی کیونکہ پاکستانی معیشت کا زیادہ تر دارو مدار ٹیکسٹائل سیکٹر اور زرعی شعبہ پر ہے اس لئے ان دونوں شعبہ جات کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کیلئے بھی اقدامات کو یقینی بنا نا ہو گا تاکہ معاشی استحکام کے باعث پاکستان سے غربت و بے روز گاری کے خاتمہ سمیت تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو سکے۔

میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوںنے کہا کہ چونکہ پاکستان کی معیشت کا زیادہ تر حصہ زراعت پر مبنی ہے لیکن اس شعبے میں مطلوبہ انفراسٹرکچر اور سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے غذائی اجناس کی نصف پیداوار ضائع ہو جا تی ہے جو کاشتکاروں کی حوصلہ شکنی کا باعث ہے یہی وجہ ہے کہ ملک میں کپاس کی پیداوار تسلسل سے کمی کی جانب گامزن ہے اور اس میں تقریباًپچیس فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کپاس کی پیداوار میں دنیا کا چوتھا ملک ہونے کے باوجود پاکستان کی ٹیکسٹائل ایکسپورٹس خطے کے ان ممالک جہاں کپاس کی پیداوار کم ہوتی ہے یا ہوتی ہی نہیں ان ممالک کی ٹیکسٹائل ایکسپورٹس پاکستان سے زائد ہیں۔ انہوںنے کہا کہ عالمی کساد بازاری کی وجہ سے تنزلی کا شکار پاکستانی برآمدات کے تناظر میں ہم سی پیک منصوبے کے توسط سے اپنے آپ کو مستحکم کر سکتے ہیں ۔

انہوںنے مزید کہا کہ چین کا 10کھرب ڈالر مالیت کا''ون بیلٹ ون روڈ''پروگرام صرف سڑکیں بنانے کیلئے ہی نہیں بلکہ اس پروگرام میں فری ٹریڈ زونز اور اکنامک زونز سمیت دیگر منصوبے بھی شامل ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ا س منصوبے میں ملا ئیشیا،سری لنکا ،بنگلہ دیش ،میانمار اور افریقہ شامل ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ ا فریقہ میں گیارہ نئی بندرگاہیں جبکہ چین،برطانیہ تک ٹرین سروس بھی چلائے گا جس کے نتیجے میں یورپین ممالک تک باآسانی کارگوکی ترسیل ممکن ہوسکے گی۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کے تمام تجارتی و صنعتی شعبوں کو مثبت سوچ کے ساتھ اپنی پیداواری استعداد کو بڑھانے اور سی پیک منصوبے کی تکمیل ہوتے ہی گلوبل لاجسٹک انڈیکس میں پاکستان کا شمار68سے 25 ویں نمبر پر آجائے گا جبکہ بھارت سمیت پوری دنیا اب یہ کہنے پر مجبور ہوگئی ہے کہ سی پیک کی وجہ سے آئندہ پندرہ سال میں پاکستانی معیشت کا شمار دنیا کی سرفہرست معیشت کے حامل ممالک کی فہرست میں ہوگا جس سے پاکستان کی دن دوگنی رات چوگنی معاشی و صنعتی ترقی بھی یقینی ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :