امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی کا باقاعدہ قیام

تنظیم امریکہ میں پاکستان سے متعلق منفی رجحانات زائل کرے گی امریکہ میں موجود پاکستانیوں کو سیاسی دھارے میں لانے کی کوشش کرے گی، چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد

پیر 24 اپریل 2017 14:58

امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی کا باقاعدہ قیام
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اپریل2017ء) امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی کا باقاعدہ قیام عمل میں لایاگیا ، اس کا مقصد امریکہ میں پائے جانے والے پاکستان سے متعلق منفی رجحانات خاص طور پر دہشت گردی اور انتہا پسندی میں پاکستانی رول کے بارے میں منفی رجحانات زائل کرے گی اور امریکہ میں موجود پاکستانیوں کو سیاسی دھارے میں لانے کی کوشش کرے گی ۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی کا باقاعدہ قیام عمل میں لایا گیا اس کا اعلان( APPAC's)کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد نے کیا۔ انہوں نے اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم باقاعدہ طور پر امریکن سے مذاکرات کا آغاز کرے گی اور پاکستانی قوم کے پر امن رول کو اجاگر کرے گی ۔

(جاری ہے)

تنظیم امریکہ اور پاکستانی عوام کے درمیان پائے جانے والی بداعتمادی اور باہمی اختلافات کو بھی ختم کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ وہ امریکن ڈیموکریٹس اور ریپبلکن سے نزدیکیاں بڑھاتے ہوئے انہیں قائل کریں گے کہ پاکستان خود سنگین دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور ہے تو پھر پاکستان دہشت گردی کا ہم نوا کیسے ہوسکتا ہے ۔ پاکستان ایک امن کا خواہش مند ملک ہے اور پاکستانی عوام بھی بہرصورت امن چاہتی ہے ۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر اعجاز احمد نے نیوریارک امریکہ میں گزشتہ دس برسوں سے سینئر کارڈیالوجسٹ کے طور پر پرائیویٹ پریکٹس کر رہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ( APPAC's)ایسے خیالات وتصورات کو اجاگر کرے گی جس سے تمام شہریوں کو یکساں حقوق دلوانے میں مدد لی جا سکے اور نسلی امتیاز کو ختم کیا جا سکے ۔ امریکی قوانین اور اقدار کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے تنظیم اس پر اپنا کام کرے گی ۔ ہمارا مقصد امریکن اور پاکستانیوں کے درمیان بڑھتے فاصلوں کو کم کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات میں بہتری کیلئے کام کرنا ہے تاکہ دونوں اقوام ایک دوسرے کے خیالات اور مذہبی رسومات کا احترام کرتے ہوئے ایک دوسرے کی عزت کریں اور اپنے تعلقات استوار کریں ۔

تنظیم کا سب سے بڑا مقصد ان سیاسی امیدواروں کی حمایت کرنا ہے جو اپنے وعدوں کی پاسداری کریں اور انسانی حقوق کیلئے رنگ ونسل سے مبرا ہو کر کام کریں اور جو تعصب انگیزی کے نہ صرف خلاف ہوں بلکہ سخت نفرت کرتے ہوں ۔ تنظیم اپنے مقاصد کے حصول کیلئے سیاسی وسفارتی طور پر امریکہ اور پاکستان کے باہمی تعلقات کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :