پنجاب میں رواں سیزن کے دوران 60لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر، صوبہ بھر سے ایک کروڑ کے قریب کپاس کی گانٹھیں حاصل ہونے کا بھی امکان

پیر 24 اپریل 2017 14:36

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2017ء) پنجاب میں رواں سیزن کے دوران 60لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ مذکورہ ہدف گزشتہ سال کے 54لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کے ہدف سے 6لاکھ ایکڑ زائد ہے، فیصل آباد میں گزشتہ سال کے 80ہزار ایکڑ کی بجائے 17ہزار ایکڑ کے اضافہ سے 97ہزار ایکڑ اراضی پر کپاس کاشت کی جائے گی ،اس طرح صوبہ بھر سے ایک کروڑ کے قریب کپاس کی گانٹھیں حاصل ہونے کا بھی امکان ہے ،محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ موسمی حالات کے باعث کپاس کی کاشت کے علاقوں میں بعض مقامات پر کچھ کمی مشاہدہ میں آئی ہے جن میں گزشتہ سال فیصل آباد بھی شامل تھا۔

انہوںنے بتایاکہ گزشتہ سال فیصل آباد میں 80ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کی جانا تھی مگر بوجوہ یہ ہدف حاصل نہ ہو سکا لیکن اس بار اضافہ شدہ ہدف کے ساتھ ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن میں اس سال تین لاکھ 65 ہزار ایکڑ اراضی پر کپاس کی کاشت مکمل کی جائے گی۔انہوںنے بتایاکہ اس سال صوبہ بھر میں کپاس کا پیداواری ہدف ایک کروڑ گانٹھیں ،فیصل آباد ڈویژن میں کپاس کا پیداواری ہدف4 لاکھ34 ہزار گانٹھیں جبکہ ضلع فیصل آباد سے کپاس کا پیداواری ہدف 6 ہزار گانٹھیں مقرر کیا گیا ہے۔

انہوںنے بتایاکہ گزشتہ سال صوبہ بھر میں ٹارگٹ سے 11 لاکھ ایکڑ کم رقبہ پر کپاس کاشت کی جاسکی تھی اور گزشتہ سال صوبہ بھر میں 54 لاکھ ایکڑ اراضی پر کپاس کی کاشت کا ٹارگٹ دیا گیا تھا مگر صرف 43 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت کی جاسکی تھی ۔ اسی طرح گزشتہ سال ضلع فیصل آباد میں80 ہزار ایکڑ اراضی پر کپاس کی کاشت کا ٹارگٹ دیا گیا تھامگر صرف 46ہزار ایکڑ اراضی پر کپاس کاشت کی جاسکی تھی۔ دوسری جانب کسانوں کی تنظیموں نے کپاس کی امدادی قیمت 3500روپے فی من مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :