عدلیہ کے علاوہ تمام ادارے تباہ ہوچکے ،سپریم کورٹ کیساتھ کھڑے ہیں،عمران خان

پیر 24 اپریل 2017 14:12

عدلیہ کے علاوہ تمام ادارے تباہ ہوچکے ،سپریم کورٹ کیساتھ کھڑے ہیں،عمران ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2017ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمرا ن خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے علاوہ ملک میں تمام ادارے تباہ ہو چکے ہیں، ہم سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کے ساتھ کھڑے ہیں ، اگر ملک کے ادارے کام کررہے ہوتے تو نوازشریف اتنی بڑی کرپشن نہ کرتے ، چیئرمین نیب کے خلاف تین سے چار روز میں ریفرنس دائر کریں گے،بنی گالہ میں غیر قانونی تعمیرات کی جارہی ہیں جس کی کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے ، ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں ،پاناما کیس پر نظر ثانی اپیل دائر کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔

ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے چیئرمین نے بنی گالہ میں لینڈ مافیا اور غیر قانونی تعمیرات کیس کی سماعت کیلئے سپریم کورٹ آمد پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ خوشی ہے کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس ثاقب نثار نے بنی گالہ میں غیر قانونی تعمیرات پر ازخود نوٹس لیا کیو نکہ بنی گالہ میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات کی جارہی ہیں اور اس کی کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے ، بڑے بڑے فلیٹس اور پلازے تعمیر کیے جارہے ہیں جبکہ ساری سیوریج راول لیک میں ڈالی جارہی ہے جس سے راولپنڈی کے لوگ بڑے پیما نے پر متاثر ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ بنی گالہ میں چائنہ کٹنگ ، درختوں کی کٹائی اور بچوں کے کھیلوں کے پارکس پر پلازے تعمیر کرنے کا گھنائونا فعل بڑے پیمانے پر جاری ہے ، سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ ذمہ داری ایک دوسرے پر عائد کررہے ہیں کیو نکہ اناج والی زمین پر ہائوسنگ سکیم بنانا جرم ہے یہ فوڈ اینڈ سکیورٹی کا مسئلہ ہے ، دنیا بھر میں سب سے زیادہ اموات پاکستان میں گندا پانی پینے کی وجہ سے ہوتی ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف سپریم کورٹ اور پانچ ججز کے فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے ، پوری قوم کو عدلیہ سے امید ہے اگر عدلیہ مداخلت نہ کرتی تو پانچ سال تک کچھ بھی نہیں بچتا ۔عمران خان نے کہا کہ پانامہ کیس میں پانچ ججوں نے جو کیس کی سماعت کی وہ پاکستان کی تاریخ کا حصہ ہے ۔ سپریم کورٹ نے ن لیگ کے لیڈر کو کرپٹ قرار دیا مگر مسلم لیگ نواز اپنے لیڈر کو کرپٹ قرار دیئے جانے پر جشن منا رہی ہے ۔

چیئرمین نیب کے حوالے سے سپریم کورٹ نے خود تسلیم کیا ہے نیب اپنا کردار ادا کر نے میں ناکام رہا ہے اور ہم اگلے دو سے تین دنوں میں چیئرمین نیب کے خلاف ریفرنس بھی دائر کرنے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں ملک کے ا ندر عدلیہ کے علاوہ تمام ادارے تباہ ہو چکے ہیں اگر نیب اپنا کام صحیح کررہا ہوتا تو پھر نوازشریف جو کہ ملک کا وزیراعظم ہے کس طرح اتنی بڑی کرپشن کرسکتا تھا۔سپریم کورٹ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے کرپٹ لیڈروں کو قوم کے سامنے بے نقاب کیا۔